فلائی ناس کے مسافروں میں رواں برس ریکارڈ اضافہ
کم خرچ ایئرلائن نے 2007 میں اپنے سفر کا آغاز کیا تھا(فوٹو : ایس پی اے)
سعودی عرب کی لو بجٹ ایئرلائن ’فلائی ناس‘ کے مسافروں کی تعداد میں 47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں برس کے ابتدائی چھ ماہ کے دوران اندرون و بیرون مملکت سفرکرنے والوں کی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی عرب کی دوسری ایئرلائن فلائی ناس کے سی ای او بندر المھنا کا کہنا ہے کہ سال رواں کی ششماہی کے دوران جب سے کمپنی نے اپنے نیٹ ورک کو وسعت دیتے ہوئے جہازوں کی سیٹوں میں اضافہ کیا ہے مسافروں کی تعداد میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
المھنا نے مزید کہا کہ ترقی اور توسیع کے حوالے سے ہمارا منصوبہ کامیابی سے ہمکنار ہورہا ہے جس ہم نے ’مملکت کو دنیا سے جوڑیں گے‘ کے عنوان سے لانچ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت 250 ممالک میں مملکت کی اس فضائی کمپنی سے جوڑنا ہے جس کے تحت سال 2030 تک 100 ملین سیاحوں کو سفر کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بھی کمپنی خصوصی منصوبے پرعمل پیرا ہے جس کے تحت مختلف فضائی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری قائم کی جارہی ہے۔
رواں برس کے آغاز سے لے کر اب تک کمپنی کو 6 طیارے ملے چکے ہیں جبکہ کمپنی میں فیوچر پائلٹس پروگرام کے تحت پروجیکٹ شروع کیے گئے ہیں جس کا مقصد مقامی سطح پرروزگار کے مواقع بھی مہیا کرنا ہے۔
واضح رہے فلائی ناس اس وقت 70 سے زائد داخلی اور بین الاقوامی پروازوں کو آپریٹ کرتی ہے۔ فضائی کمپنی نے2007 میں اپنے آغاز سے اب تک 78 ملین مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی ۔