ضلع ٹانک سے ڈیرہ اسماعیل خان جاتے ہوئے ججوں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں وہ محفوظ رہے ۔
خیبرپختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں ججوں کے قافلے پر فائرنگ ہوئی۔ پولیس کے مطابق جمعے کو بھگوال کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ججوں کے قافلے پر فائرنگ کی، حملے میں تینوں جج محفوظ رہے، مگر سکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
ڈی پی او ٹانک عبدالسلام خالد کے مطابق آج ٹانک سے عدالتی کارروائی سے فارغ ہوکر تین جج ڈیرہ اسماعیل خان کی طرف جارہے تھے کہ راستے پر ان پر حملہ کیا گیا۔ حملے میں دو پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی ہسپتال منتقل کر دیے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کا تعلق وزیرستان سے ہے۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ بھگوال روڈ پر پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔