Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے ایئرپورٹس پر مسافروں کی تعداد 8.5 ملین تک پہنچ گئی

مسافروں کی تعداد کے حوالے سے نیوم ایئرپورٹ سرفہرست رہا۔ (فوٹو بلومبرگ)
سعودی عرب کی ایئرپورٹس ہولڈنگ کمپنی سے منسلک سیکنڈ ایئرپورٹس گروپ (تجمع مطارات الثانی) کے اعداد وشمار کے مطابق 2024 کے ابتدائی چھ ماہ میں مسافروں کی تعداد میں 16 فیصد اور پروازوں کی تعداد 11 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سبق ویب کے مطابق 2024 کی پہلی ششماہی میں مسافروں کی تعداد میں 16 فیصد اضافے کے بعد 8.5 ملین جبکہ پروازوں کی تعداد 11 فیصد اضافے سے 74.8 ہزار تک پہنچ گئی۔
سیکنڈ ایئرپورٹس گروپ کمپنی جس نے یکم جنوری 2022 سے مملکت میں کام شروع کیا تھا اور یہ مقامی، علاقائی اور سیاحتی ایئرپورٹس  چلا رہی ہے۔ کمپنی مملکت میں سیاحت کے اہداف اور ایوی ایشن سیکٹر کی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کررہی ہے۔
کمپنی کے زیر انتظام 22 ائیرپورٹس میں العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ، بیشہ ایئرپورٹ، عرعر ایئرپورٹ، شرورہ ایئرپورٹ، القریات ایئرپورٹ، ملک عبداللہ بن عبدالعزیز ایئرپورٹ جازان، باحہ کا ملک سعود بن عبدالعزیز، حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ، خلیج نیوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ، طائف انٹرنیشنل ایئرہورٹ، ابھا انٹرنیشنل ایئرپورٹ، شہزادہ نایف بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ قصیم، تبوک کا شہزادہ سلطان بن عبدالعزیز، ینبع کا شہزادہ عبدالمحسن بن عبدالعزیز ایئرپورٹ، الوجہ ایئرپورٹ، ایئرپورٹ الدوادمی، رفحاء ایئرپورٹ، الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ، طریف ایئرپورٹ، وادی الدواسر اور رابغ ایئرپورٹ شامل ہیں۔
بیان میں کہا گیا نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 2024 کے ابتدائی چھ ماہ میں 34.5 فیصد کی شرح سے سب سے زیادہ پروازیں ریکارڈ کرائیں۔ تبوک کے امیر سلطان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 15.8 فیصد اور عرعر ایئرپورٹ پر 6.8 فیصد کی شرح ریکارڈ کی گئی۔
کمپنی کا کہنا ہے مسافروں کی سب سے زیادہ تعداد 2024 کے ابتدائی چھ ماہ میں نیوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی رہی جہاں سب سے زیادہ 70 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے بعد  نجران انٹرنیشنل ایئرپورٹ 38.3 فیصد اور تبوک کے امیر سلطان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کی تعداد میں 23.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

 

واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: