Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں کتاب میلہ، 300 سے زائد پبلشرز کی شرکت

اسلامی الیکٹرانک لائبریری میں 1,000 سے زیادہ ای بک اور آڈیو کتابیں ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مدینہ منورہ میں سجایا گیا تیسرا کتاب میلہ عرب اور بین الاقومی اشاعتی اداروں کی شائع کردہ کتابیں و رسائل و جرائد کی تلاش کے خواہش مند افراد کے لیے تسکین کا باعث ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق 5 اگست تک جاری رہنے والے کتاب میلے میں مقامی و غیر ملکی زائرین کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
مدینہ کتاب میلے میں 300 سے زیادہ عرب اور بین الاقوامی اشاعتی ادارے اور ایجنسیاں موجود ہیں، ادب، اشاعت اور ترجمہ کمیشن کی جانب سے میلے میں 200 پویلین کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کتاب میلے میں آنے والے یہاں منعقدہ سیمینارز، شاعری کی محفلوں، مباحثہ گروپس، ورکشاپس اور دیگر سرگرمیوں میں بھی حصہ لے سکتے ہیں۔
بچوں کے لیے ایک الگ پویلین کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں تعلیمی و فنی مہارت پر مبنی سرگرمیاں اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا ہے۔
زائرین میلے میں حصہ لینے کے لیے اپنے موبائل فون پر کیو آر کوڈز سکین کرکے وزٹ کر سکتے ہیں۔
سعودی ادب، اشاعت اور ترجمہ کمیشن   کے سی ای او محمد علوان نے مدینہ منورہ کے ثقافتی ورثے کے تعاون کے پیش نظر کتاب میلے کی اہمیت اور مملکت کی اشاعتی صنعت کے بارے میں وضاحت کی۔
محمد علوان نے بتایا ہے کہ تیسرے کتاب میلے کا مقصد پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینا اور سعودی مصنفین اور تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی کے علاوہ  دنیا بھر کے نامور مصنفین اور پبلشرز کو راغب کرنا ہے۔

سعودی ادب، اشاعت و ترجمہ کمیشن نے 200 پویلین کا اہتمام کیا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

سعودی وزارت ثقافت  کے زیراہتمام جزیرہ نما عرب میں اونٹوں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ایک پویلین اونٹوں کی منفرد خصوصیات، تاریخی اہمیت اور اقتصادی قدر پر تعلیمی مواد پیش کیا گیا ہے۔
سعودی وزارت اسلامی امور سمارٹ ڈیوائسز کے ذریعے الیکٹرانک ایپلی کیشنز کی نمائش کر رہی ہے۔ وزارت کے پویلین پر عملی طور پر 3D ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے حج اور عمرہ کے بارے میں رہنمائی حاصل کی جا سکتی ہے۔

زائرین موبائل فون پر کیو آر کوڈز سکین کرکے وزٹ کر سکتے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

مدینہ منورہ کتاب میلے میں اسلامی الیکٹرانک لائبریری میں 51 زبانوں میں 1,000 سے زیادہ ای بک اور آڈیو کتابیں رکھی گئی ہیں اور ساتھ ہی 2,000 تعلیمی سلائیڈز بھی ہیں۔
مدینہ منورہ میں کنگ سلمان انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سنٹر کتاب میلے کے لیے 5 اگست تک روزانہ دوپہر 2 بجے سے رات 12 بجے زائرین کے لیے کھلا رہے گا۔
 

شیئر: