Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں اسرائیلی حملے میں 12 ہلاکتیں، تل ابیب میں چاقو حملے سے دو افراد ہلاک

غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اتوار کو اسرائیلی حملے نے الاقصیٰ ہسپتال کے صحن میں بے گھر ہونے والے ایک خیمہ کیمپ کو نشانہ بنایا (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی حملوں میں اتوار کو علی الصبح غزہ میں 12 افراد ہلاک ہوئے جن میں وہ چار افراد بھی شامل ہیں جو ایک ہسپتال کے احاطے کے اندر بے گھر ہونے والے افراد کے لیے بنائے گئے خیمے میں پناہ لیے ہوئے تھے، جبکہ تل ابیب کے نواحی علاقے میں ایک فلسطینی کی طرف سے کیے گئے چاقو کے حملے میں دو افراد ہلاک ہوئے۔
غزہ میں تقریباً 10 ماہ کی جنگ اور گذشتہ ہفتے لبنان اور ایران میں الگ الگ حملوں میں دو سینیئر عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ ان ہلاکتوں سے ایران اور اس کے اتحادیوں کی طرف سے انتقام کی دھمکیاں آئیں اور اس سے بھی زیادہ تباہ کن علاقائی جنگ کا خدشہ پیدا ہوا۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق اسرائیل کی میگن ڈیوڈ ایڈوم ریسکیو سروس اور قریبی ہسپتال کے مطابق چاقو کے حملے میں 70 سال کی ایک خاتون اور ایک 80 سالہ شخص ہلاک ہو گئے اور دو دیگر افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ایک فلسطینی عسکریت پسند نے کیا تھا جسے مار دیا گیا تھا اور دیگر مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے۔
امدادی کارکنوں نے بتایا کہ زخمی تین مختلف مقامات پر پائے گئے اور ان خدشات میں اضافہ ہوا کہ ایک سے زیادہ حملہ آور ملوث تھے۔
لبنان میں ایک حملے میں حزب اللہ کے ایک سینیئر کمانڈر اور گذشتہ ہفتے ایران کے دارالحکومت میں ایک حملے میں حماس کے اعلیٰ سیاسی رہنما کی ہلاکت کے بعد اسرائیل جوابی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ دونوں کا تعلق غزہ میں جاری جنگ سے تھا جو حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے سے شروع ہوئی تھی۔
غزہ کی وزارت صحت نے کہا کہ اتوار کو اسرائیلی حملے نے الاقصیٰ ہسپتال کے صحن میں بے گھر ہونے والے ایک خیمہ کیمپ کو نشانہ بنایا جس میں ایک خاتون سمیت چار افراد ہلاک اور دیگر زخمی ہوئے۔
دیر البلاح کا ہسپتال وسطی غزہ میں کام کرنے والا اہم طبی مرکز ہے اور جنگ زدہ علاقے میں ہزاروں افراد نے اپنے گھر بار چھوڑ کر وہاں پناہ لی ہے۔
وزارت کے مطابق ایک علیحدہ حملے نے شمالی غزہ میں ایک مکان کو تباہ کر دیا جس میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے جن میں تین بچے ان کے والدین اور ان کی دادی شامل تھیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق سنیچر کو غزہ شہر میں ایک سکول میں پناہ گاہ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہو گئے۔
اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس نے حماس کے کمانڈ سینٹر پر حملہ کیا۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن فوج انفرادی حملوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتی ہے جس میں اکثر خواتین اور بچے مارے جاتے ہیں۔

شیئر: