Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش: طلبہ تحریک کے رہنما ناہید اسلام کون ہیں؟

ناہید اسلام نے کہا کہ ’ہم اس مقصد کے لیے جانیں دینے والوں کے لہو سے غداری نہیں کریں گے۔‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)
بنگلہ دیش میں جولائی میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کی قیادت کرنے والے ایک نوجوان کی بہت سی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
اپنے سر پر بنگلہ دیش کے جھنڈے والی پٹی باندھے ہوئے یہ نوجوان ناہید اسلام ہیں جو سوشیالوجی (شعبہ سماجیات) کے طالب علم ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ناہید اسلام سرکاری ملازمتوں کے لیے مخصوص کوٹے کے خلاف چلنے والی طلبہ تحریک کے کوآرڈینیٹر ہیں۔ یہ تحریک پیر کو شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ اقتدار کے خاتمے پر منتج ہوئی۔
ناہید اسلام کو قومی سطح پر جولائی کے وسط میں اس وقت شہرت ملی جب انہیں اور ان کے ڈھاکہ یونیورسٹی میں زیرتعلیم کئی طلبہ ساتھیوں کو پولیس نے حراست میں لیا۔
بنگلہ دیش میں کئی ہفتے چلنے والی احتجاجی تحریک میں لگ بھگ 300 افراد ہلاک ہوئے جن میں کالج اور یونیورسٹیوں کے طلبہ بڑی تعداد میں شامل ہیں۔
اس تحریک کی شدت میں کافی حد تک کمی گزشتہ روز حسینہ واجد کے استعفے اور ملک چھوڑ دینے کے بعد آئی۔
ناہید اسلام اور دیگر طلبہ کی منگل کو آرمی چیف وقار الزماں سے ملاقات بھی طے ہے۔ اس سے قبل پیر کو آرمی چیف نے حسینہ واجد کے استعفے اور عبوری حکومت قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
غیر جذباتی لیکن ٹھوس انداز میں اپنی بات کرنے والے طالب علم رہنما ناہید اسلام نے کہا ہے کہ طلبہ کسی ایسی حکومت کو قبول نہیں کریں گے جسے فوج کی پشت پناہی حاصل ہو۔
انہوں نے نئی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے لیے نوبل انعام یافتہ محمد یونس کا نام تجویز کیا ہے۔
ناہید اسلام نے منگل کو اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ ’ہماری تجویز سے ہٹ کر بننے والی کوئی بھی حکومت قابل قبول نہیں ہو گی۔‘
پیر کو ناہید اسلام نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم اس مقصد کے لیے جانیں دینے والوں کے لہو سے غداری نہیں کریں گے۔‘
ہم اپنے شہریوں کی زندگیوں کی حفاظت، سماجی انصاف اور ایک نئے سیاسی اُفق کے اپنے وعدے کے مطابق نیا جمہوری بنگلہ دیش بنائیں گے۔‘
ناہید اسلام نے یقین دلایا کہ 17 کروڑ بنگالی عوام کو دوبارہ ’فاشسٹ دور‘ میں نہیں دھکیلیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھی طلبہ کو ہندو اقلیت اور ان ان کی عبادت گاہوں کی حفاظت کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
ناہید اسلام کون ہیں؟
ناہید اسلام 1998 میں ڈھاکہ میں پیدا ہوئے۔ وہ شادی شدہ ہیں اور ان کا ایک چھوٹا بھائی ہے جس کا نام نقیب اسلام ہے۔ ان کے والد استاد ہیں جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں۔

ناہید اسلام نے کہا کہ ’ہم اپنے وعدے کے مطابق نیا جمہوری بنگلہ دیش بنائیں گے‘ (فائل فوٹو: ویڈیو گریب)

نقیب اسلام جغرافیہ کے طالب علم ہیں۔ انہوں نے روئٹرز کو بتایا کہ ’ناہید کی قوت برداشت غیرمعمولی اور وہ ہمیشہ یہی کہتے ہیں کہ ملک کو تبدیلی کی ضرورت ہے۔‘
’انہیں پولیس نے گرفتار کیا اور اس قدر تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ بے ہوش ہو گئے۔ اس کے بعد انہیں اسی حالت میں سڑک پر پھنک دیا گیا۔ لیکن اس کے باوجود وہ لڑتے رہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ ہمت نہیں ہاریں گے، ہمیں ناہید پر فخر ہے۔‘
پرتشدد سیاسی رجحانت پر تحقیق کرنے والی کورنیل یونیورسٹی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر سبرینا کریم نے پیر کو بنگلہ دیش کے لیے تاریخی دن قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں جنریشن۔ زی کے زیرقیادت یہ پہلا انقلاب ہے۔‘
’فوج کے اس عمل میں کردار کے باوجود شاید اس سے جمہوری تبدیلی سے متعلق مثبت فرق پڑے۔‘

شیئر: