Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی والے عمران خان کا موازنہ شیخ مجیب سے کرتے تھے: عطا تارڑ

وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو جیل میں حاصل سہولیات کی تفصیل بتائی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ قانون سازی سے تحریک انصاف کے وجود کو تھوڑا سا ڈینٹ پڑا ہے۔
 ’تحریک انصاف والے عمران خان کا موازنہ شیخ مجیب سے کرتے تھے اور اب ڈھاکہ میں اُن کا مجسمہ گرنے پر مؤقف بدل لیا۔‘
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’پاکستان کی حکومت اور پاکستان کے عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے جو عزم اور حوصلہ دکھایا وہ قابلِ ستائش ہے، عوام باہر نکلے۔‘
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے شیخ مجیب کو ہیرو ہونے کا بیانیہ بنایا۔ بنگلہ دیش میں تھوڑے سے حالات خراب ہوئے تو اپنے بیانیے سے منحرف ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پندرہ سے زیادہ دن گزر گئے مگر ابھی تک سپریم کورٹ نے مخصوس نشستوں کے مقدمے میں تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا۔ ’آئین واضح طور پر کہتا ہے کہ مخصوص نشستیں متناسب نمائندگی کے فارمولے کے تحت دی جائیں گی۔ آئین کہتا ہے کہ فلور کراسنگ نہیں ہو سکتی۔‘
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس قاعدے کو اب قانون کے ذریعے تبدیل کر دیا گیا ہے کہ آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے کے بعد تین دن کے اندر پارٹی جوائن کی جا سکتی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شیخ حسینہ واجد نے بھی عمران خان کی طرح 190 ملین پاؤنڈ جیسی کرپشن کی۔ ’بنگلہ دیش میں معاشی حالات کا مسئلہ نہیں تھا، وہاں وسائل کی تقسیم اور کرپشن کا مسئلہ تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو ’بیرونی مدد حاصل تھی اور بیرونی مدد وہیں سے حاصل تھی جو کشمیر میں مظالم ڈھا رہے ہیں۔‘
وزیر اطلاعات نے تحریک انصاف کے چیئرمین کو جیل میں حاصل سہولیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’شہنشاہِ عالی کا یہ فرمان ہے کہ جیل سپرنٹنڈنٹ کے فریج سے جو پانی آتا ہے وہ راستے میں گرم ہو جاتا ہے اس لیے فریج مانگا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک ایسی جماعت کو مخصوص نشستیں دیں جو پارلیمنٹ میں موجود ہی نہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ ’جیل انتظامیہ کو چاہیے کہ عمران خان کے لیے سوئمنگ پول بنا دیں، چھوٹا کلب بھی بنا دیں، ناچ گانے کا موڈ ہو تو بار بھی بنایا جائے، چونکہ وہ مغرب کو اچھی طرح جانتے ہیں اس لیے پارٹی کا بھی مناسب انتظام کر دینا چاہیے۔‘
عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف والے احتجاج کے نام پر ڈی چوک اور ریڈ زون میں واقع حساس عمارتوں کی طرف نہ پھڑکیں۔ کوئی سیاسی جماعت اور کوئی سیاسی لیڈر ملک سے بڑا نہیں ہے۔
وزیر اطلاعت نے راولپنڈی میں دھرنے کے حوالے سے کہا کہ ’جماعت اسلامی سے مذاکرات میں کافی پیش رفت ہوئی ہے، وہ عوامی ایشو پر نکلے ہیں، اُن کا جو مطالبہ ہے وہ ہمار ایجنڈا ہے، خوش اسلوبی معاملات طے ہوں گے۔‘

شیئر: