Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بنگلہ دیش کی عبوری حکومت 15 ارکان پر مشتمل‘، حلف برداری کی تقریب آج

بنگلہ دیش کے آرمی چیف کے مطابق ابتدائی طور پر عبوری حکومت کی کابینہ 15 ارکان پر مشتمل ہوگی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
بنگلہ دیش کے آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے اعلان کیا ہے کہ عبوری حکومت کی تقریب حلف برداری جمعرات کی شام 8 بجے منعقد ہو گی۔
ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق بدھ کی سہ پہر آرمی ہیڈ کوارٹرز میں پریس بریفنگ کے دوران فوج کے سربراہ نے بتایا کہ ان کے خیال میں کابینہ ابتدائی طور پر 15 ارکان پر مشتمل ہو گی۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے نامزد سربراہ نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات محمد یونس جمعرات کی دوپہر ڈھاکہ پہنچ رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں آرمی چیف نے کہا کہ ہم جمعرات کو تقریب حلف برداری کے انعقاد کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، دوپہر میں منعقد کرنے کی تجویز تھی تاہم اس کے لیے بہت مشکل شیڈول ہو گا۔ کیونکہ ڈاکٹر محمد یونس کی آمد سوا دو بجے کے قریب آمد متوقع ہے، اس لیے ہم اسے شام کے وقت رکھ رہے ہیں اور تقریباً 400 لوگ شرکت کر سکیں گے۔‘
آرمی چیف سے جب عبوری حکومت کے حجم کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ ابتدائی طور پر 15 کے قریب ارکان پر مشتمل ہو سکتی ہے۔ تاہم ایک یا دو مزید افراد کو شامل کیا جا سکتا ہے۔‘ 
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بنگلہ دیش واپسی سے ایک دن قبل محمد یونس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’میں نہایت دلسوزی سے ہر ایک سے کہتا ہوں کہ پُرسکون رہیں۔ ہر قسم کے تشدد سے دور رہیں۔ صبر کے ساتھ ملک کی تعمیر کے لیے تیار ہو جائیں۔ اگر ہم نے تشدد کا راستہ اختیار کیا تو ہر شے تباہ ہو جائے گی۔‘ ’
یونس سینٹر‘ کی جانب سے جاری کیے بیان میں کہا گیا کہ محمد یونس جمعرات کو دن سوا دو بجے ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتریں گے۔ وہ امارات ایئرلائنز کی فلائٹ سے براستہ دبئی اپنے وطن پہنچیں گے۔ 
بڑے پیمانے پر عوامی احتجاج کے نتیجے میں پیر کو شیخ حسینہ واجد کے بطور وزیراعظم اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد محمد یونس عبوری حکومت کے سربراہ ہوں گے۔

شیخ حسینہ واجد کو بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہروں کے بعد مستعفی ہونا پڑا تھا۔ فوٹو: اے پی

بدھ کی صبح بنگلہ دیش کی طلبہ تحریک کے رہنما ناہید الاسلام نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ عبوری حکومت کی انتظامیہ اگلے 24 گھنٹوں میں حلف اُٹھائے گی۔
ادھر بنگلہ دیش کے اٹارنی جنرل امین الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ اکتوبر 2020 سے اس عہدے پر تھے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کی پولیس کے نئے سربراہ عبدالحیل باقی نے کہا کہ فورس کے اندر جاری ہلچل پر فوری طور قابو پاتے ہوئے اہلکار اپنے تھانوں میں فرائض سنبھالیں اور عوام کی خدمت کریں۔

شیئر: