الجزائر کی باکسر ایمان خلیف پیرس اولمپکس میں میڈل جیتنے میں کامیاب
الجزائر کی باکسر ایمان خلیف پیرس اولمپکس میں میڈل جیتنے میں کامیاب
اتوار 4 اگست 2024 13:53
ایمان خلیف اس جیت کے بعد اولمپکس مقابلے میں کم از کم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپکس کے عالمی مقابلوں میں صنفی امتیاز اور آن لائن ہراسیت کا شکار بننے والی الجزائر کی باکسر ایمان خلیف میڈل جیتنے میں کامیاب ہوگئیں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پیرس اولمپکس میں حالیہ دنوں میں جنس کے حوالے سے تنازعے کی شکار ایمان خلیف نے کھیلوں میں شناخت کے حوالے سے بڑی بحث شروع کر دی ہے۔
ایمان خلیف نے ہنگری کی اینا لُوسی ہموری کو خواتین کے 66 کلوگرام کے کوارٹرفائنل مقابلے میں 0-5 سے شکست دی۔
ایمان خلیف اس جیت کے بعد اولمپکس مقابلے میں کم از کم کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوگئی ہیں۔
ایمان خلیف کو پابندی کا شکار انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے بین الاقوامی جانچ پڑتال کا سامنا اس وقت کرنا پڑا جب انہیں گذشتہ سال خواتین کے مقابلوں میں اہلیت کے ٹیسٹ میں ناکام ہوئیں۔
25 برس کی باکسر نے پیرس اولمپکس میں جمعرات کو اطالوی باکسر انجیلا کیرینی کو صرف 46 سیکنڈ میں ہرا دیا تھا۔
اس مقابلے کے بعد دنیا بھر میں جنسی شناخت کے حوالے سے اس وقت نئی بحث نے جنم لیا جب انجیلا کیرینی نے ایمان خلیف کے جنس پر سوالیہ نشان اٹھا دیے۔
اس حوالے سے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور مشہور رائٹر جے کے راؤلنگ سمیت کئی شخصیات نے ایمان خلیف پر مرد یا خواجہ سرا ہونے کے الزامات لگائے تاہم انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کے صدر تھامس بوچ نے باکسر کی حمایت میں بیان دیا۔
تھامس بوچ کہتے ہیں کہ ’ہم خواتین کی باکسنگ کے بارے میں بات کر رہے ہیں، دو خواتین میں مقابلہ ہوتا ہے جو پیدائشی طور پر خواتین ہیں، جو بطور خواتین پلی بڑھیں، جن کے پاسپورٹ پر خاتون لکھا ہے اور جنہوں نے کئی سال بطور خواتین مقابلے میں حصہ لیا ہے۔‘
اںہوں نے مزید کہا کہ ’اور یہ خاتون ہونے کی تعریف ہے۔ اُن کے خاتون ہونے کے بارے میں کبھی بھی کسی کو کوئی شک نہیں ہوا۔‘
خیال رہے کہ ایمان خلیف نے 2021 میں ٹوکیو گیمز میں حصہ لیا تھا تاہم اُس ایونٹ میں وہ کوئی تمغہ نہیں جیت پائی تھیں۔
یاد رہے کہ ایمان خلیف منگل کو 66 کلوگرام کے سیمی فائنل مقابلے میں تھائی لینڈ کی جان جائم سُوانافینگ کے ساتھ مقابلہ کریں گی۔