Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابو ظبی اور دبئی مشرق وسطی اور افریقہ میں رہائش کے لیے سب سے بہترین شہر

دبئی دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اکانومسٹ انٹیلی جنس یونٹ ( ای آئی یو) کی جانب سے 2024 کے گلوبل لیویبلٹی ایبلٹی انڈیکس کے مطابق ابو ظبی اور دبئی کو مشرق وسطی اور افریقہ میں رہائش کے لیے سب سے بہترین شہر قرار دیا ہے۔ دونوں نے ہیلتھ کیئر اور تعلیم میں اپنے سکور کو بہتر بنایا ہے۔
امارات کے خبر رساں ادارے وام نے رپورٹ کے حوالے سے بتایا ابو ظبی اس حوالے سے خطے سرفہرست ہے جبکہ دبئی دوسرے نمبر پر ہے۔
کرائم اینڈ سیفٹی انڈیکس کے مطابق ابوظبی کو عالمی سطح پر محفوظ ترین شہروں میں سے ایک قرار دیا گیا جس نے 88.2 پوائنٹس کے سکور کے ساتھ سیفٹی انڈیکس پر پہلی پوزیشن حاصل کی اور کرائم انڈیکس پر سب سے کم سکور 11.8 پوائنٹس ریکارڈ کیا ہے۔
دبئی دنیا کے محفوظ ترین شہروں کی فہرست میں عالمی سطح پر پانچویں نمبر پر ہے۔
ہیلتھ کیئر کے حوالے سے دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2024 کی پہلی سہ ماہی کے دوران دبئی میں لائسنس یافتہ اور آپریشنل ہیلتھ کیئر سہولتوں کی مجموعی تعداد پانچ ہزار 20 پہنچ گئی جس میں 13 ہزار 370 لائسنس یافہ ڈاکٹر تھے۔
ابوظبی میں اسی عرصے کے دوران ہیلتھ کیئر سہولتوں کی تعداد تین ہزار 332 رہی جن میں 67 ہسپتال، ایک ہزار 136 صحت مراکز، 765 کلینکس، ایک ہزار 68 فارمیسی اور 287 ہیلتھ کیئر کے ادارے شامل ہیں۔ 2022 کے آخر تک ابو ظبی میں 12 ہزار 922 لائسنس یافتہ ڈاکٹر تھے۔
تعلیم کے شعبے میں ابو ظبی نے 2023 - 2024 کے تعلیمی سال کے دوران نجی، سرکاری، اور مخلوط  اداروں پر مشتمل 459 سکولوں کی میزبانی کی جبکہ دبئی میں220 نجی سکول تھے۔
گوبل لیویبلٹی ایبلٹی انڈیکس دنیا بھر میں 173 شہروں کا پانچ زمروں میں جائزہ لیتا ہے جس میں استحکام، ہیلتھ کیئر، ثقافت، ماحولیات، تعلیم اور انفراسٹریکچر شامل ہیں۔
خطے کے سرفہرست دس شہروں میں سے آٹھ کا تعلق خلیجی ملکوں سے تھا جو عالمی سطح پر ان کے بڑھتے ہوئے استحکام اور اثر و رسوخ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان میں کویت سٹی، دوحہ، اور منامہ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر تھے۔

شیئر: