Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا انڈیا کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا اور منو بھاکر شادی کر رہے ہیں؟

پیرس اولمپکس 2024 میں دو کانسی کے تمغے جیتنے والی انڈین شوٹر منو بھاکر کے والد نے منو کی جیولِن تھروور نیرج چوپڑا سے شادی کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر نیرج چوپڑا کی منو بھاکر اور ان کی والدہ سمیدھا بھاکر کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں دونوں ایتھلیٹس کو پیرس گیمز کے اختتام پر ہونے والی تقریب میں ساتھ دیکھا گیا۔
اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کس طرح نیرج چوپڑا، منو بھاکر اور ان کی والدہ ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔ 
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین یہ قیاس آرائی کر رہے تھے کہ جس طرح  سمیدھا بھاکر نیرج چوپڑا سے بات کر رہی ہیں شاید وہ اپنی بیٹی منو بھاکر کی شادی کے لیے نیرج چوپڑا کو پسند کر چکی ہیں۔
تاہم منو بھاکر کے والد رام کشن بھاکر نے ان قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیٹی کی ابھی شادی کی عمر نہیں ہوئی۔
رام کشن نے کہا ’ہماری بیٹی منو ابھی شادی کی عمر کو نہیں پہنچیں نہ ہی ہم ان کی شادی کا سوچ رہے ہیں۔ ہم منو کے کریئر اور ذاتی ترقی پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔‘

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ منو بھاکر کی والدہ نیرج چوپڑا سے ملیں تو ان کا ہاتھ  پکڑ کر اپنے سر پر رکھا اور محبت بھرے انداز میں نیرج سے بات کرتی رہیں۔ 
منو کے والد نے ویڈیو کے بارے میں بتایا کہ منو کی ماں نیرج کو اپنا بیٹا مانتی ہیں، اس لیے دونوں کے درمیان خاص بندھن بن گیا، جبکہ نیرج اور منو کے درمیان کوئی رومانوی تعلق نہیں ہے‘۔
دوسری جانب نیرج چوپڑا کے چچا نے پیرس سلور میڈلسٹ کی شادی پر ہونے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’جس طرح نیرج تمغہ لے کر آئے، پورے ملک کو اس کے بارے میں پتہ چل گیا، اسی طرح جب وہ شادی کریں گے تب بھی سب کو پتہ چل جائے گا‘۔
واضح رہے منو بھاکر اور نیرج چوپڑا پیرس اولمپکس 2024 کے سب سے کامیاب انڈین ایتھلیٹس رہے۔ اگرچہ دونوں کو لگتا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ ایونٹس میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر سکتے تھے، لیکن پھر بھی وہ تمغے حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
جہاں منو نے شوٹنگ کے مختلف مقابلوں میں دو کانسی کے تمغے جیتے، نیرج نے جیولِن تھرو میں چاندی کا تمغہ جیتا۔
 

شیئر: