Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اولمپک باکسنگ چیمپیئن ایمان خلیف اور کیلیا نیمور کا الجزائر میں پُرتپاک استقبال

الجزائر کی اولمپک باکسنگ چیمپیئن ایمان خلیف خواتین کی ویلٹر ویٹ باکسنگ میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد گذشتہ روز پیر کو وطن واپس پہنچیں جہاں ان کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
امریکی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق سٹار باکسر کی جنس کے بارے میں غلط فہمیوں اور بین الاقوامی جانچ کے باوجود ان کے استقبال کے لیے الجزائری عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
گیس سے مالا مال شمالی افریقہ کے ملک الجزائر کے دارالحکومت پہنچنتے ہوئے جمناسٹک میں طلائی تمغہ جیتنے والی کیلیا نیمور اور 800 میٹر کی دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے جمال سجاتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
الجزائر کی پبلک پریس سروس اے پی ایس کے مطابق  کھیلوں اور نوجوانوں کے وزیر عبدالرحمان حماد نے ان کا استقبال کیا اور اس ہفتے کے آخر میں صدر عبدالمجید تبوون سے ملاقات کرنے والے تھے۔
اولمپک باکسنگ میں سونے کا تمغہ جیتنے والی ایمان خلیف نے اس موقعے پر کہا ’یہ ایک خواب ہے جو میں نے آٹھ سال قبل دیکھا تھا‘ اور ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی۔

’یہ ایک خواب ہے جو میں نے آٹھ سال قبل دیکھا تھا‘۔ فوٹو اے پی

قبل ازیں ایمان خلیف پیرس اولمپک گیمز 2024 کی ٹاپ سٹوری لائن بن گئی تھیں جب اطالوی باکسر انجیلا کیرینی نے ایمان خلیف سے یہ کہتے ہوئے ہاتھ ملانے سے انکار کر دیا کہ انہیں اتنا وزنی مکا کسی باکسر کا نہیں لگا۔
اطالوی باکسر انجیلا کیرینی 46 سیکنڈ میں میچ سے دستبردار ہو گئی تھیں۔
اطالوی باکسر کے بیان کے بعد عالمی رہنماؤں اور مشہور شخصیات نے ایمان خلیف کی اہلیت اور جنس پر سوال اٹھایا اور جھوٹا دعویٰ کیا کہ وہ مرد ہیں۔

الجزائر کی کیلیا نیمور نے جمناسٹک میں طلائی تمغہ جیتنا ہے۔ فوٹو ڈی پی اے

الجزائر کے باشندوں نے اس دعوے کو نسل پرستی کے ضمنی اثرات سے تعبیر کرتے ہوئے ایمان خلیف کی جنس کے بارے میں قیاس آرائیوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیا اور دفاع کیا۔
قبل ازیں پیرس میں الجزائر کے سٹارز کی گولڈ میڈل کامیابیوں کو ملک بھر کے تمام شہروں میں عوامی مقامات پر بڑی سکرین پر براہ راست دکھایا گیا۔
مردوں کی 800 میٹر دوڑ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے جمال سدجاتی نے استقبال کے موقع پر کہا کہ نیمور اور خلیف کی کامیابیاں ہمارے ملک میں خواتین کے کھیلوں کو مزید فروغ دیں گی۔

شیئر: