فوج کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے: آرمی چیف
آرمی چیف نے کہا ’ہم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں‘ (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کو کمزور کرنا پاکستان کو کمزور کرنے کے مترادف ہے۔
آرمیی چیف جنرل عاصم منیر نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’نااتفاقی اور انتشار ملک کو اندر سے کھوکھلا کر کے بیرونی جارحیت کی راہ ہموار کرتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کسی بھی مشکل نے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کیا۔ ہم کسی بھی قیمت پر اپنی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’خیبرپختونخوا میں فتنہ الخوارج المعروف کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے دوبارہ سر اٹھایا ہے۔ پاکستانی افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی سرکوبی کے لیے سرگرم عمل ہیں۔‘
’میں نے چند دن اسی فتنے کے بارے میں کہا تھا کہ اگر آپ شریعت اور آئین کو نہیں مانتے تو ہم بھی آپ کو پاکستانی نہیں مانتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں خیبرپختونخوا کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ فساد فی الارض کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور ان شاء اللہ اس میں اللہ کے وعدے کے مطابق فتح آپ کی ہو گی۔‘
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’بلوچستان کے عوام بہادر اور محب الوطن ہیں۔ وہاں کوئی بھی منفی قوت ہمارے اعتماد اور محبت کے رشتے کو کمزور کر سکی نہ آئندہ کر سکے گی۔‘
انہوں نے ڈیجیٹل دہشتگردی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سوائے رسوائی کے کچھ حاصل نہ ہو گا۔‘
آرمی چیف نے مزید کہا کہ ’آج آزادی کا جشن مناتے ہوئے ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ہونے والی انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط سے آزادری کے لیے کوشاں ہیں۔‘
’ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور انہیں اپنی ہر طرح کے سیاسی، سفارتی اور اخلاقی تعاون کا بھرپور یقین دلاتے ہیں۔‘
انہوں نے افغانستان کا ذکر کرتے ہوئےکہا کہ ’افغانستان ہمارا برادر ہمسایہ اسلامی ملک ہے۔ ہم افغانستان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رکھنے کے خواہاں ہیں۔ اِن کے لیے ہمارا پیغام ہے کہ فتنہ خوارج کو اپنے دیرینہ، خیر خواہ اور برادر ہمسائے ملک پر ترجیح نہ دیں۔‘