Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جو شریعت اور آئین کو نہیں مانتے، ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے: آرمی چیف

آرمی چیف نے کہا کہ ’ہم لوگوں کو کہتے ہیں کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں لیکن  پر امن رہیں۔‘ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے علما و مشائخ پر زور دیا ہے کہ وہ شدت پسندی یا تفریق کی بجائے تحمل اور اتحاد کی ترغیب دیں۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق اسلام آباد میں علما و مشائح کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ علما کو چاہیے کہ وہ اعتدال پسندی کو معاشرے میں واپس لائیں اور فساد فی الارض کی نفی کریں۔
’اللہ کے نزدیک سب سے بڑا جرم فساد فی الارض ہے،  پاک فوج اللہ کے حکم کے مطابق فساد فی الارض کے خاتمے کے لیے جد وجہد کر رہی ہے۔‘
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’جو شریعت اور آئین کو نہیں مانتے، ہم انہیں پاکستانی نہیں مانتے۔‘
افغانستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال سے زیادہ عرصے تک لاکھوں افغانوں کی مہمان نوازی کی ہے۔
ہم انہیں سمجھا رہے ہیں کہ فتنہ خوارج کی خاطر اپنے ہمسایہ برادر اسلامی ملک اور دیرینہ دوست کی مخالفت نہ کریں۔‘
دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے پختون بھائیوں اور خیبر پختونخوا کے عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں اور ہم  اُن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
آرمی چیف نے کہا کہ ’ہم لوگوں کو کہتے ہیں کہ اگر احتجاج کرنا ہے تو ضرور کریں لیکن پُرامن رہیں۔‘
سیاسی حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان مثالی اتحاد ہے: وزیراعظم
علماء اور مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ملی یکجہتی، اتحاد اور ہم آہنگی ضروری ہے۔
’سیاسی حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان مثالی اتحاد ہے، یہ تعاون ملک کے وسیع تر مفاد میں اور مستقبل کے لیے ایک نمونہ ہے۔‘
وزیراعظم نے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما سے کہا کہ وہ امن اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں اور فرقہ واریت کے خلاف آواز بلند کریں۔
قیام پاکستان کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں دی جانے والی قربانیوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ملک کو آباؤ اجداد کے خوابوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے انتھک محنت کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کے ذرائع پر مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا مہم پر افسوس کا اظہارکیا۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لئے عظیم قربانیاں پیش کی ہیں، سانحہ نو مئی ملک کی تاریخ کا ایک قابل نفرت واقعہ ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت معاشی مسائل کے حل کے لیے انتھک کام کررہی ہے۔
مہنگائی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کو تسلیم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں پر بوجھ کم کرنے اور انہیں ریلیف فراہم کرنے کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔

شیئر: