Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں بارش، خیبر پختونخوا میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

کشمیر میں بارش جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔
جمعرات کو محکمے نے کہا کہ 17 اگست تک طوفانی بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا میں نوشہرہ، صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، بونیر، سیدو شریف، مانسہرہ، کوہستان، دیر، سوات اور شانگلہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ  کے باعث  ٹریفک کی آمد ورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
 اسلام آباد اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ موسلا دھار بارش کے ساتھ دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، بالاکوٹ، ایبٹ آباد، ہری پور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش متوقع ہے۔
اسی طرح بونیر، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، مردان، پشاور، کرک، کوہاٹ، بنوں میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔
مالاکنڈ، وزیرستان، کرم، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں مری اور گرد و نواح، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، سیالکوٹ، نارووال میں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ، میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔

میانوالی، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

بلوچستان میں بارکھان، کوہلو، لورالائی، ژوب، خضدار، آواران، لسبیلہ اور گرد و نواح میں بارش ہوگی جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم مرطوب رہے گا۔
سندھ کے جنوبی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور تھر پارکر، مٹھی، میرپور خاص، عمر کوٹ اور سانگھڑ سمیت چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ  بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، حیدر آباد، ٹھٹہ اور بدین میں بھی ہلکی بارش بوندا باندی کی توقع ہے۔
کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ہے۔

شیئر: