آرمی چیف کی میزبانی میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب
آرمی چیف کی میزبانی میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب
جمعہ 16 اگست 2024 15:55
پاکستان کی فوج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق جمعے کو جی ایچ کیو راولپنڈی کے آرمی آڈیٹوریم میں منعقدہ اس تقریب کے میزبان آرمی چیف جنرل عاصم منیر تھے۔
بیان کے مطابق اس تقریب میں نمایاں اولمپیئنز اور ،مختلف کھیلوں کی ٹیمیں شریک ہوئیں جن میں قومی ہاکی ٹیم، قومی کرکٹ ٹیم، سٹریٹ فٹبال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، ویمن گول بال ٹیم، کامن ویلیتھ، سیف اور ایشین گیمز میں تمغے جیتنے والے کھلاڑی اور پیریس اولمپکس 2024 کے ایتھلیٹس شامل تھے۔
اس موقعے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاکستان کے لیے انفرادی مقابلوں میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ بنانے پر ارشد ندیم کی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ارشد ندیم کی محنت، لگن اور استقامت کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے متاثر کن کریئر کا ذکر کیا۔
آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قوم کے لیے قابلِ فخر قرار دیا اور کہا کہ ارشد ندیم کو پوری قوم نے عزت سے نوازا ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ نئے چینلجز سے نمٹنے اور کامیابیوں کے حصول کے لیے محنت اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں۔