Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کا ارشد ندیم کو 15 کروڑ روپے اور ’ہلال امتیاز‘ دینے کا اعلان

حکومت ایک ارب روپے سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرے گی جس سے کھلاڑیوں کی مالی مدد کی جائے گی
وزیراعظم شہباز شریف نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے 15 کروڑ روپے جبکہ ان کے کوچ کے لیے ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
منگل کی رات وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ارشد ندیم کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی انعامی رقم سے ٹیکس کی کٹوتی نہیں ہوگی۔
انہوں نے اسلام آباد میں ایف نائن اور ایف ٹین کے درمیان سڑک کا نام ارشد ندیم کے نام پر رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
‘مزید پڑھیں
انہوں نے یہ اعلان بھی کیا کہ حکومت ایک ارب روپے سے سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ قائم کرے گی جس سے کھلاڑیوں کی مالی مدد کی جائے گی۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ’پیرس اولمپکس میں پاکستان کے گولڈ میڈل جیتنے کے بعد انہوں نے صدر مملکت سے ارشد ندیم کو ہلال امتیاز دینے کی سفارش کی تھی۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’ارشد ندیم 25 کروڑ عوام کے ہیرو ہیں جنہوں نے 40 برس بعد قوم کو گولڈ میڈل کا تحفہ دیا۔‘
اس موقع پر اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ’پیرس اولمپکس سے واپسی پر پورے پاکستان نے ان کا جو استقبال کیا وہ میڈل سے بھی بڑھ کر ہے۔‘
انہوں نے سپورٹ کرنے پر حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’میری کوشش ہو گی کہ میں آئندہ عالمی ریکارڈ قائم کروں۔‘
ارشد ندیم نے کہا کہ ’پیرس اولمپکس کے لیے میں نے اپنا زور بچا کر رکھا تھا اور مجھے میڈل جیتنے کی پوری امید تھی،‘
انہوں نے سپورٹ کرنے پر حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس استقبالیہ تقریب میں ارشد ندیم کے اہل خانہ، وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان شہباز احمد سینیئر، اولمپئن اصلاح الدین صدیقی اور اعصام الحق قریشی بھی موجود تھے۔
اسے سے قبل ارشد ندیم منگل کی شام اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں ایک سڑک کا نام ارشد ندیم کے نام پر رکھنے کا اعلان بھی کیا (فائل فوٹو: پی ایم آفس)

ارشد ندیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے، میں شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہوں، ابھی میں زیادہ بڑا نہیں ہوا، مزید آگے جانا ہے، پاکستان کے لیے مزید نام کمانا ہے۔‘
انہوں نے اپنے اولمپکس کے فائنل کے حوالے سے کہا کہ ’میری پہلی تھرو غلط ہو گئی، دوسری تھرو کرتے ہوئے ذہن میں تھا کہ بہتر سے بہتر کروں گا۔ دوسری تھرو کے بعد کوچ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا 95 فیصد پہلی پوزیشن ہے۔ میں نے کہا دعا کریں ورلڈ ریکارڈ بنا سکوں وہ تو نہیں ہو سکا مگر اولمپکس کا ریکارڈ بن گیا۔‘
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم نے بہت عزت دی۔ وزیراعظم، وزیراعلٰی اور تمام پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں جنہوں ںے اتنی محبت اور عزت دی۔ آج مریم نواز میرے گاؤں آئیں بہت عزت افزائی ہوئی۔ انہوں نے مجھے میری کامیابی سے بڑا انعام دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم ہاﺅس میں آج ارشد ندیم کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا ہے۔‘
ارشد ندیم پاکستان ایئرفورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تھے اور انہیں وہاں سے سرکاری پروٹوکول میں میریٹ ہوٹل لے جایا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ گاڑی چلا کر لائے۔ ارشد ندیم کو وزیراعظم کا پروٹوکول مل رہا ہے۔

ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’میری کوشش ہو گی کہ میں آئندہ عالمی ریکارڈ قائم کروں‘ (فوٹو: سکرین گریب)

قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14 اگست کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ارشد ندیم مل کر پرچم کشائی کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پورے ملک میں جشن منایا جا رہا ہے۔ پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتیں خوشیوں میں شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر غیرروایتی انداز میں استقبال کیا گیا، طیارے کو واٹر کینن سے سلامی دی گئی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں، ان کی زندگی پر ٹیلی فلم تیار ہونی چاہئے۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ میاں چنوں سے پیرس تک ارشد ندیم کا سفر منفرد کہانی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ارشد ندیم کے گھر جا کر انہیں اعزازت دینا اچھی کاوش ہے۔

شیئر: