Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’وہ امیر آدمی ہیں‘ بھینس کے تحفے کا سن کر ارشد ندیم نے سسر سے کیا ’مطالبہ‘ کیا؟

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کے سسر نے انہیں بھینس تحفے میں دی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے اپنے سسر کی جانب سے بھینس کا تحفہ دیے جانے پر بات کی ہے۔
جعمرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ارشد ندیم کا اپنی اہلیہ کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کو دیا گیا انٹرویو وائرل ہو چکا ہے جس میں ان سے بھینس کے تحفے پر سوال کیا گیا۔
ارشد ندیم نے انٹرویو کے دوران کہا کہ ’مجھے بھینس کے تحفے کا علم نہیں تھا، میری اہلیہ نے مجھے بتایا کہ ابو نے بھینس دی ہے۔‘
ارشد نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ماشااللہ کوئی ڈیڑھ مربعے زمین کے مالک ہیں، مجھے پانچ ایکڑ ہی دے دیتے۔‘
انٹرویو کے دوران ارشد کے ساتھ بیٹھی ان کی اہلیہ نے کہا کہ ’مجھے بھی نہیں پتا تھا کہ ابو نے ارشد کو بھینس دی ہے، وہ تو ایک انٹرویو دیکھ کر اس بات کا علم ہوا۔‘
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ ’جب مجھے پتا چلا تو میں نے اپنی اہلیہ کو کہا میرے سسر اتنے امیر آدمی ہیں، مجھے کوئی پانچ یا چھ ایکڑ زمین دیں۔ مجھے لگتا ہے یہ بات میری اہلیہ نے اپنے والد سے نہیں کی، یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔‘
واضح رہے حال ہی میں ارشد ندیم کے لیے جہاں پاکستان بھر سے کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا وہیں اُن کے سُسر نے انہیں ایک بھینس تحفے میں دی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ارشد ندیم کے سُسر محمد نواز سے جب اس انوکھے تحفے کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’بطور تحفہ بھینس کو ان کی دیہی برادری میں ’بہت قیمتی‘ اور ’قابلِ عزت‘ بات سمجھا جاتا ہے۔
محمد نواز کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھینس ان کی برادری کی روایات اورگاؤں سے ندیم کے گہرے تعلق کی وجہ سے دی ہے۔
محمد نواز نے بتایا کہ ’چھ سال پہلے جب ہم نے اپنی بیٹی کی شادی ارشد ندیم سے کرنے کا فیصلہ کیا، تو وہ چھوٹی موٹی نوکریاں کر رہے تھے لیکن اپنے کھیل کے بارے میں بے حد پرجوش تھے۔ وہ مسلسل گھر اور کھیتوں میں ہی نیزے بازی کی مشق کرتے تھے۔‘
ارشد ندیم پنجاب کے ضلع خانیوال میں اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ رہتے ہیں۔
محمد نواز کی بیٹی عائشہ کی شادی ارشد ندیم سے ہوئی اور ان کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔

شیئر: