عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے: رابطہ عالم اسلامی
اسرائیلی آبادکاروں کے مسلسل حملوں اور سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔( فوٹو: اے ایف پی)
رابطہ عالم اسلامی نے مغربی کنارے کے گاؤں جت میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملے کی مذمت کی ہے جس میں متعدد افراد ہلاک ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔
رابطہ کے جنرل سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں فلسطینی عوام اور ان کی املاک کے خلاف قابض اسرائیلی فورسز کی سرپرستی میں آبادکاروں کے مسلسل اور سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔
رابطہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کو درپیش اس المناک انسانی بحران کو ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کرے۔
جارحیت کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور اس میں ملوث تمام افراد کا احتساب کیا جائے۔
یاد رہے کہ غزہ جنگ کے دوران مغربی کنارے میں تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو ہے جو 1967 سے اسرائیل کے زیر قبضہ علاقہ ہے اور اسرائیلی علاقے کے ذریعے اسے غزہ کی پٹی سے الگ کیا گیا ہے۔
فلسطینی حکام کے مطابق غزہ جنگ کے دوران اب تک کم از کم 633 فلسطینی آباد کاروں یا اسرائیلی فوجیوں کے تشدد میں ہلاک ہوچکے ہیں۔
اسرائیل کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق فلسطینیوں کے حملوں میں فلسطینیوں سمیت کم از کم 18 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔