Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھانا کے ہسپتال میں سعودی تعاون سے بحالی اور توسیع کے منصوبے پر کام کا آغاز

گھانا کے صدر نانا ادو ڈنکوا اکوفو ایڈو نے منصوبے کا افتتاح کیا (فوٹو ایس پی اے)
گھانا کے بولگتانگا ریجنل ہسپتال میں سعودی ترقیاتی فنڈ کے تعاون سے بحالی اور توسیع کے منصوبے پر کام  کا آغاز کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گھانا کے صدر نانا ادو ڈنکوا اکوفو ایڈو نے منصوبے کا افتتاح کیا۔ سعودی اور مغربی افریقی جمہوریہ گھانا کے دیگر حکام شریک تھے۔
مملکت کی نمائندگی سعودی سفیر سلطان بن عبدالرحمن الدخیل اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے ڈیپارٹمنٹ آف افریقہ آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل محمد بن اذان الشمری نے کی۔
 اس منصوبے کو سعودی ترقیاتی فنڈ  کی جانب سے دو مراحل میں مجموعی طور پر 32 ملین ڈالر کی مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔
اس منصوبے میں مختلف عمارتوں کی تعمیر اور سازو سامان شامل ہے جن میں خصوصی طبی شعبے، ہنگامی خدمات، مینٹرنٹی اور پیڈیاٹرک وارڈ اور ہنگامی یونٹ شامل ہیں۔
اس کا مقصد بیماریوں اور وبائی امراض کے پھیلاو کو کم کرنے اور مربوط صحت کی دیکھ بھال کی سطح کو بڑھانے میں مدد کرنا ہے۔
سعودی ترقیاتی فنڈ نے گھانا میں 10 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کےلیے 124 ملین ڈالر سے زیادہ کے رعایتی ترقیاتی قرضوں کے ذریعے مالی اعانت کی ہے جس کا مقصد تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹیشن، توانائی اور زراعت جیسے شعبوں کا فروغ ہے۔
 فنڈ نے 1975 میں آغاز کے بعد سے 2020 کے آخر تک دنیا بھر کے 84 ترقی پذیر ملکوں کے لیے 692 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کی مالی اعانت کے لیے 730 ترقیاتی قرضے فراہم کیے۔
افریقہ کے کئی ممالک نے سعودی ترقیاتی فنڈ کے آسان قرضوں سے فائدہ اٹھایا ہے۔
گذشتہ نومبر میں ریاض میں سعودی ،افریقی اقتصادی کانفرنس کے دوران فنڈ نے 12 افریقی وزرا کے ساتھ 580 ملین مالیت کے 14 نئے ترقیاتی قرضوں کے معاہدات پر دستخط کیے تھے۔
یہ رقم انگولا، برکینا فاسو، بینن، برونڈی، کابو وردے، گنی، ملاوی، موزمبیق، نائجر، روانڈا، سیرا لیون اور تنزانیہ میں ہیلتھ کیئر، پانی، تعلیم، اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں کے منصوبوں کے لیے ہے۔

شیئر: