Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے تک سٹیڈیمز کی تعمیر مکمل کر لیں گے، چیئرمین پی سی بی

محسن نقوی نے کہا کہ ’نیشنل سٹیڈیم کسی بھی لحاظ سے انٹرنیشنل سٹیڈیم نہیں تھا۔‘ (فائل فوٹو)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے تک سٹیڈیمز کی تمعیر مکمل کر لیں گے۔
محسن نقوی نے پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تینوں سٹیڈیمز کا پروجیکٹ پی سی بی کے لیے ناممکن تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ’ہماری کیلکولیشن یہ تھی کہ ہم بغیر تماشائیوں کے میچز کروا لیں گے لیکن ہمارے سکیورٹی کے اداروں کا خیال ہے کہ اگر لیبر کام کر رہی ہے تو آپ سٹیڈیم میں میچ نہ کروائیں۔‘
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ سٹیڈیمز کے تعمیراتی کاموں کی وجہ سے شیڈول میچز آگے پیچھے ضرور ہوں گے۔
خیال رہے کہ پی سی بی کی جانب سے اگلے سال پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن جاری ہے۔
اسی اپ گریڈیشن کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا تھا۔
سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے بارے میں محسن نقوی نے مزید کہا کہ ’نیشنل سٹیڈیم کسی بھی لحاظ سے انٹرنیشنل سٹیڈیم نہیں تھا۔ آپ کا کوئی بھی سٹیڈیم انٹرنیشنل طور پر کوالیفائی نہیں کر سکتا۔ دنیا بہت آگے چلی گئی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’پی سی بی کا ارادہ تھا کہ بغیر تماشائیوں کے میچ کروایا جائے لیکن سکیورٹی ادارے کہتے ہیں کہ تماشائیوں کے علاوہ لیبر کو بھی نہ آنے دیا جائے جس کی وجہ سے میچ کروانا پھر ممکن نہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے شروع ہوگا۔

شیئر: