پاکستان: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن
پاکستان: چیمپیئنز ٹرافی کے لیے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن
ہفتہ 17 اگست 2024 6:26
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پاکستان 1996 میں ورلڈ کپ میچز کی میزبانی کے بعد ایک مرتبہ پھر کرکٹ کی دنیا کا بڑا ایونٹ چیمپیئنز ٹرافی منعقد کرنے جا رہا ہے جس کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔
کرکٹ شائقین کی توجہ پاکستان اور انڈیا کے میچ پر ہے کہ کیا روایتی حریفوں کے درمیان معرکہ ہو گا اور ساتھ ہی پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک بھر میں اپنے میدانوں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنے کی مہم شروع کر رکھی ہے۔
کراچی کا نیشنل سٹیڈیم جو شہر کا سب سے بڑا کرکٹ میدان ہے، چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے بڑی تبدیلیوں سے گزر رہا ہے۔ سٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے سامنے پرانے سکور بورڈ کی بلڈنگ کو گرا دیا گیا ہے۔
اس مقام پر جدید الیکٹرانک سکور بورڈ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور کرکٹ کی تازہ ترین صورتحال سے شائقین کو ایکشن ری پلے سمیت دیگر معلومات فراہم کرے گا۔
نیشنل بینک سٹیڈیم میں موجود دو انکلوژرز(اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز) کو بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کیا جا رہا ہے اور اس مقام کو مکمل طور پر ختم کر کے ایک نئی عمارت تعمیر کی جائے گی جہاں میڈیا سینٹر اور وی آئی پی لاونج سمیت دیگر باکسز بنائے جائیں گے۔
اس کے علاوہ سٹیڈیم کی چھت پر دھوپ سے بچاؤ کے لیے لگی ٹیفلون کو بھی ہٹا دیا گیا ہے اور اس کی جگہ نئے سٹائل کے شیڈ لگائے جائیں گے جس سے دھوپ سے بچاؤ کے ساتھ ساتھ میدان خوبصورت بھی نظر آئے۔
سکور بورڈ کے اطراف میں موجود اقبال قاسم اور نسیم الغنی انکلوژرز کی سیڑھیوں کو مسمار کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سے سٹیڈیم میں شائیقین کے بیٹھنے کی گنجائش میں اضافہ ہو گا۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 72 واں اجلاس گزشتہ ماہ منعقد ہوا تھا اور اس اجلاس میں مالی سال 25۔ 2024 کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دی گئی تھی۔
اجلاس میں ڈویلپمنٹ بجٹ سے قذافی سٹیڈیم، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نہ صرف کراچی بلکہ لاہور اور راولپنڈی کے میدانوں کو بھی اپ گریڈ کر رہا ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم اور راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بھی ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے، تاکہ ان میدانوں کی حالت کو عالمی معیار کے مطابق لایا جا سکے۔
آئی سی سی نے چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق پاکستان اگلے سال فروری میں اس ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
اس سے قبل 30 اگست کو کراچی میں بنگلادیش کے خلاف سیریز کا دوسرا ٹیسٹ کھیلا جائے گا جو نیشنل سٹیڈیم میں نئی تبدیلیوں کا پہلا بڑا ٹیسٹ ہو گا۔