Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’90 منٹ میں 10لاکھ سبسکرائبرز‘ کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ ریکارڈ

کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل پر ایک گھنٹے میں ہی ملین سبسکرائبرز عبور کر لیے ہیں (فوٹو: یو آر کرسٹیانو یوٹیوب)
النصر فٹبال کلب کے کیپٹن اور سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنا یوٹیوب چینل لانچ کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر 917 ملین سے زائد فالوورز کے ساتھ دنیا کے مقبول ترین فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے 21 اگست بدھ کے روز ’UR Cristiano‘ کے نام سے یوٹیوب چینل لانچ کیا۔
ای ایس پی این یوکے کے مطابق 39 سالہ سٹار فٹبالر کے یوٹیوب چینل کو پہلے 90 منٹ میں ہی ایک ملین سے زائد لوگوں نے سبسکرائب کیا اور یوں کرسٹیانو رونالڈو کا یوٹیوب چینل دنیا میں سب سے کم وقت میں ایک ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے والا چینل بن گیا ہے۔
رونالڈو پہلے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سب سے زیادہ فالو کیے جانے والے کھلاڑی ہیں جس کی بدولت وہ پیڈ سپانسپرشپس کے لحاظ سے دنیا کے مہنگے ترین ایتھلیٹ تصور کیے جاتے ہیں۔
سپورٹس ویب سائٹ سپورٹس بائبل کے مطابق یوٹیوب چینل کے لانچ پر جاری کردہ پریس ریلیز میں رونالڈو کا کہنا تھا کہ اس یوٹیوب چینل کے ذریعے وہ اپنے فینز سے نہ صرف فٹ بال بلکہ اپنے خاندان، صحت، غذائیت، گیم کی تیاری، تعلیم اور کاروبار کے حوالے سے ویڈیوز شیئر کیا کریں گے۔
رونالڈو نے اپنے بیان میں کہا ’میں اس پروجیکٹ کو شروع کرنے پر بہت خوش ہوں، یہ ایک طویل عرصے سے میرے ذہن میں  تھا اور آخر کار ہمیں اسے حقیقت بنانے کا موقع ملا ہے۔‘
’میں نے ہمیشہ سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ اس طرح کے مضبوط تعلقات کا لطف اٹھایا ہے اور میرا یوٹیوب چینل مجھے ایسا کرنے کے لیے ایک اور بھی بڑا پلیٹ فارم فراہم کرے گا، فینز میرے بارے میں، میرے خاندان اور بہت سے مختلف موضوعات پر میرے خیالات جان پائیں گے‘۔
رونالڈوکے مطابق وہ اس چینل کے ذریعے اپنے ایسے پہلو ظاہر کریں گے جو زیادہ تر شائقین نے نہیں دیکھے ہوں گے۔
اس کے ساتھ رونالڈو مختلف موضوعات پر متعدد مہمانوں کی ایک انٹرویو سیریز بھی شوٹ کریں گے، ان مہمانوں کی شناخت کا ابھی اعلان ہونا باقی ہے۔
واضح رہے 39 سالہ رونالڈو سوشل میڈیا پر 500 ملین فالوورز کو عبور کرنے والے دنیا کے پہلے شخص تھے اور اب ان کی تعداد 900 ملین سے زیادہ ہے۔
فوربس کے مطابق رونالڈو سعودی کلب النصر سے سالانہ 200 ملین ڈالر کی تنخواہ لیتے ہیں جو کہ ان کی نائیکی، یونی لیور اور بائنانس جیسے سپانسرز سے ہونے والی 60 ملین ڈالر کی آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔

شیئر: