Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ کپ کا فائنل اور النصر کلب کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے آنسو

کنگ کپ کا ہر ایڈیشن شائقین کے لیے ناقابل فراموش یادیں چھوڑ جاتا ہے۔ فوٹو ایس ایس سی
کنگ کپ کے فائنل میں الہلال کلب کے ہاتھوں النصر کلب کی پنالٹی شوٹ پر شکست کے بعد کرسٹیانو رونالڈو کی جذباتی انداز میں روتے ہوئے تصویر نہ صرف سعودی شائقین بلکہ ہر دیکھنے والے کی یادوں میں تادیر زندہ رہے گی۔
عرب نیوز کے مطابق فائنل مقابلہ مقررہ وقت میں 1-1 گول سے برابر رہنے کے بعد سعودی پرو لیگ چیمپئن اور سابق کنگ کپ چیمپن الہلال کلب نے پنالٹیز شوٹ پر 4-5 سے جیت لیا۔
اس میج میں تین ریڈ کارڈز دیے گئے۔
سعودی فٹ بال فیڈریشن کے تحت کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا فائنل جدہ  کے 62 ہزار سے زیادہ تماشائیوں کی گنجائش والے الجوہرہ فٹ بال سٹیڈیم میں منعقد ہوا۔
فائنل کی خاص بات النصر کے کپتان کرسٹیانو رونالڈو کے آنسو تھے جو دنیا بھر میں وائرل ہو گئے اور کنگ کپ کو ایک منفرد انداز سے عالمی توجہ حاصل ہوئی۔
ریاض کی النصر کلب میں رونالڈو کی آمد  کے بعد کئی دیگر غیر ملکی سپر سٹارز کی مملکت کی کلب ٹیموں میں شمولیت سے بہت پہلے یہ ٹورنامنٹ تاریخ کا حصہ رہا ہے۔
کنگ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا آغاز 1957 میں سعودی عرب کے شاہ سعود بن عبدالعزیزؒ نے کیا تھا اور اس ٹورنامنٹ نے فٹ بال کے شائقین میں تیزی سے شہرت حاصل کر لی۔

رونالڈو کی جذباتی تصویر شائقین کی یادوں میں تادیر رہے گی۔ فوٹو ایس ایس سی

کنگ کپ کی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو 1957 میں  پہلا ایڈیشن مکہ مکرمہ کی فٹ بال کلب الوحدہ نے جیتا تھا۔
مملکت میں فٹ بال کے کھیل کی بھرپور پذیرائی کے بعد متعدد شہروں کی کلب ٹیموں نے شہرت حاصل کی۔ جدہ کی ا لاتحاد اور الاھلی کلب کے علاوہ ریاض کی الہلال اور النصر کے مابین مقابلے ہمیشہ کانٹے دار ثابت ہوئے۔
جدہ کی  فٹ بال کلب الاتحاد اور ریاض کی کلب الہلال کنگ کپ کے فائنل میں سب سے زیادہ بار آمنے سامنے رہی ہیں اور تاریخی لحاظ سے ان دونوں ٹیموں کے مقابلے انتہائی سنسنی خیز اور دلچسپ ہوئے ہیں۔

الہلال نے انتہائی دلچسپ فائنل کے بعد11واں ٹائٹل جیتا ہے۔ فوٹو ایس ایس سی

جدہ کے دوسرے معروف فٹبال کلب الاھلی  کے پاس اس وقت 13 ٹائٹلز جیتنے کا ریکارڈ ہے جب کہ الہلال نے النصر کے خلاف جمعہ کے ڈرامائی اور انتہائی دلچسپ فائنل کے بعد 11واں ٹائٹل جیت کر الاھلی کے قریب ترین حیثیت حاصل کر لی ہے۔
جیسے ہی ہر ایڈیشن پر ریفری کی جانب سے آخری سیٹی بجتی ہے کنگ کپ سعودی شائقین کے لیے ناقابل فراموش یادیں چھوڑ جاتا ہے۔
 

شیئر: