Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’شکریہ رونالڈو‘ فرانس سے شکست کے بعد پرتگال یوروکپ سے باہر

فرانس اور سپین کے درمیان یوروکپ کا سیمی فائنل 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جرمنی میں جاری یورو کپ کے کوارٹر فائنل میں فرانس نے پرتگال کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔
ہیمبرگ کے ووکس پارک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک کوئی گول نہ کر سکیں جس کے بعد میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
پینلٹی شوٹ آؤٹ پر پرتگال نے تین گول کیے جبکہ فرانس نے پانچ گول کر کے میچ جیت لیا۔
فرانس سے شکست کے بعد پرتگالی سُپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے مداح شدید صدمے میں ہیں۔
فٹبال شائقین کی جانب سے پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ یہ کرسٹیانو رونالڈو کا پرتگال کے لیے کسی بھی ایونٹ میں آخری میچ تھا۔
اس سے قبل 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں بھی پرتگالی ٹیم کوارٹر فائنل میں ہار گئی تھی۔
دوسری جانب فرانس اور سپین کے درمیان یوروکپ کا سیمی فائنل 10 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
پرتگال کے یوروکپ کے کوارٹر فائنل سے باہر ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر فٹبال حلقے کرسٹیانو رونالڈو کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں۔
ایکس ہینڈل بی آر فٹبال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’کرسٹیانو رونالڈو کا یوروکپ میں سفر اختتام پذیر۔‘
 

فوکس سوکر نے لکھا کہ ’ایک عہد تمام ہوا۔ رونالڈو نے پرتگال کے لیے یوروکپ میں اپنا آخری میچ کھیلا۔‘
 

ہینڈل ٹیگ 15 نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’یہ رونالڈو کا دنیا بھر میں دکھایا جانے والا آخری میچ تھا۔ مجھے نہیں معلوم کہ وہ اس کارکردگی کے بعد ورلڈ کپ کھیلیں گے۔‘
 

سینٹر ڈیولز نے اپنی پوسٹ میں رونالڈو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’تمام چیزوں کے لیے شکریہ کرسٹیانو رونالڈو۔‘
 

 

شیئر: