Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اٹک میں ’قتل کا بدلہ‘ لینے کے لیے سکول وین پر فائرنگ، دو بچے ہلاک

ریسکیو 1122 نے ہلاک اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک میں نامعلوم افراد نے ایک سکول وین پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو بچے جان سے گئے جبکہ پانچ زخمی ہیں۔
رسیکیو 1122 نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، حملہ اس وقت ہوا جب گاؤں ڈھیری کوٹ میں وین بچوں کو سکول لے جا رہی تھی۔
ریسکیو 1122 نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی بچوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
متاثرہ بچوں کی شناخت ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق سکول وین پر فائرنگ ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے ہوئی ہے، قتل کا بدلہ لینے کے لیے وین ڈرائیور پر فائرنگ کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ڈرائیور زخمی ہے جبکہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھی دو بچیاں ہلاک ہوئی ہیں۔
صدر آصف زرداری اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی ظالمانہ اور شرمناک فعل ہے اور ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی ہونی چاہیے۔

شیئر: