راولپنڈی میں سکول وین پر فائرنگ، ڈرائیور زخمی
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کی بنا پر پیش آیا۔ (فوٹو: ریسکیو 1122 راولپنڈی)
دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں بچوں کی سکول کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور زخمی ہو گیا ہے۔
سوموار کو راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ ڈھوک راجگان پر فائرنگ کے واقعے میں گاڑی میں موجود بچے محفوظ رہے۔
ڈرائیور کو پیٹ میں چار گولیاں لگی ہیں اور انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
فائرنگ کے واقعے کے بعد تھانہ صدر بیرونی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
تاہم پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ وین ڈرائیور کی ذاتی دشمنی کی بنا پر پیش آیا۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق ’فائرنگ کرنے والے ملزمان کا مقصد وین ڈرائیور کو نقصان پہنچانا تھا۔ طلبہ سے اس واقعہ کا کوئی تعلق نہیں ہے۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’وین میں تمام طلبہ محفوظ رہے۔ واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔‘
دوسری جانب آئی جی پنجاب نے راولپنڈی میں سکول وین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
آئی جی پنجاب نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کاروائی کا حکم دیا ہے۔