سعودی عرب میں ایک سال کے دورران 7 لاکھ سے زیادہ خون کے عطیات
سعودی وزارت صحت نے ’وتین‘ ایپ بھی جاری کی ہے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ گزشتہ سال مملکت میں خون کے عطیات دینے والوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے ہسپتال میں داخل ہونے والے ہر دس میں سے ایک مریض کو خون کی ضرورت ہوتی ہے خاص طور پر مہلک یا لاعلاج امراض میں مبتلا مریضوں کے علاوہ ایسے افراد جو سنگین حادثات کا شکار ہوتے ہیں خون کی بڑی مقدار ضائع ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ کئی مریضوں کو بڑی سرجری کے دوران بھی خون کی ضرورت رہتی ہے۔
سعودی عرب میں خون کے عطیات کی ضرورت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کےلیے وزارت صحت کے تعاون سے ’وتین‘ ایپلی کیشن کا اجرا کیا گیا ہے تاکہ خون کے عطیات دینے کا عمل آسان بنایا جاسکے۔ ’وتین‘ پلیٹ فارم پر عطیہ دینے کے خواہش مند 13 لاکھ سے زیادہ افراد رجسٹرڈ ہیں۔
’وتین‘ خون کے عطیات کی درخواست کرنے کے ساتھ سوشل نیٹ ورکس پرعطیات کی درخواستیں شیئر کرنے، بلڈ بینکوں کی فہرست اور مقامات فراہم کرنے، عطیات کے ریکارڈ کی پیروی کرنے کے ساتھ عطیات کی تاریخوں اور خصوصی مہم کی یاد دہانی کراتا ہے جو عطیہ کنندہ کے آس پاس یا درخواست میں اس کے رجسٹرڈ مقام کے قریب ہیں۔
خون کی منتقلی زندگی بچانے کا ایک آسان طبی طریقہ کار ہے۔ ایک صحت مند شخص رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ دیتا ہے۔ جانچ پڑتال کے بعد خون کو محفوظ کیا جاتا ہے تاکہ اسے ہنگامی صورتحال میں استعمال کیا جاسکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں