ایک برس میں 3 لاکھ 45 ہزار افراد نے خون کا عطیہ دیا
اتوار 28 فروری 2021 17:46
خون کا عطیہ دینے والوں کےلیے سات نکات جاری کیے گئے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں ایک برس کے دوران 3 لاکھ 45 ہزار 693 افراد نے خون کا عطیہ دیا ہے۔ فیملی امور کونسل کا کہنا ہے کہ خون کا عطیہ دینے والوں کے لیے لازمی ہے کہ وہ مقررہ شرائط پورا کریں۔
مملکت میں قائم فیملی امور کی کونسل نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر خون کا عطیہ دینے والوں کےلیے جاری نکات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بلڈ بینک جانے سے قبل لازمی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط کا خیال رکھے۔
کونسل کی جانب سے خون کا عطیہ دینے والوں کےلیے سات نکات جاری کیے گئے ہیں۔
عطیہ دینے والا جسمانی طور پر صحت مند ہو کسی قسم کے وبائی مرض کا شکارنہ ہو ۔ عطیہ کرنے والے کی عمر 18 سے 65 برس تک ہونی چاہئے ۔
خون کا عطیہ کرنے والے کا وزن 50 کلو گرام سے کم نہ ہو ۔ جو شخص عطیہ کررہا ہے اس کا ہیموگلوبین مرد کے لیے 14 - 15 اور خواتین 12- 14 گرام ہونا چاہیے۔
خون کا عطیہ دینے والے کا جسمانی درجہ حرارت 37 ڈگری سے زائد نہ ہو یعنی اسے بخار وغیرہ نہ ہو۔ عطیہ کرنے والا بلڈ بریشر کا مریض نہ ہو اور اس کا فشار خون 80/120 تک ہونا چاہئے۔ نبص کی رفتار 100-50 فی منٹ ہو۔
کونسل کا کہنا ہے کہ اس وقت مملکت میں 221 بلڈ بینک ہیں جن میں سے 24 بلڈ بینک مرکزی جبکہ 105 ریجنل اور 83 موبائل بلڈ بینک ہیں۔
کونسل کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ’آپ کا دیا ہوا خون کا عطیہ کسی کی زندگی بچانے کے کام آسکتا ہے اس لیے عطیہ دینے میں تاخیر نہ کریں‘۔