Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شکیب الحسن کے مستقبل کا فیصلہ راولپنڈی ٹیسٹ کے بعد ہوگا: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

شکیب الحسن کے خلاف 22 اگست کو دارالحکومت ڈھاکہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سربراہ فاروق احمد نے کہا ہے کہ بورڈ آل راؤنڈر شکیب الحسن کے مستقبل کا فیصلہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے بعد کرے گا۔
انڈین ویب سائٹ نیوز18 کے مطابق فاروق احمد جنہوں نے رواں مہینے کے آغاز میں کرکٹ بورڈ کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا ہے، سنیچر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ کو ابھی تک قانونی نوٹس موصول نہیں ہوا۔
تاہم انہوں نے کہا کہ بورڈ شکیب الحسن کے مستقبل کے حوالے سے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے قبل فیصلہ کرے گا۔
’شکیب کے بارے میں کہوں۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ہمیں ابھی تک کوئی قانونی نوٹس نہیں ملا۔ کیس کی ایف آئی آر درج ہو گئی ہے، بعد میں تفتیش ہو گی۔‘
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور عوامی لیگ کے رہنما شکیب الحسن کے خلاف 22 اگست کو دارالحکومت ڈھاکہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
شکیب الحسن ان 147 افراد میں شامل ہیں جن پر اگست کے اوائل میں بنگلہ دیش میں ہونے والے مظاہروں کے دوران گارمنٹ ورکر کے مبینہ قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ڈھاکہ کے اڈابور پولیس سٹیشن کے ایک افسر نے کرک انفو کو تصدیق کی کہ یہ مقدمہ جمعرات کو مقتول محمد روبیل کے والد رفیق الاسلام نے درج کرایا تھا۔
بی سی بی کے سربراہ فاروق احمد کا مزید کہنا تھا کہ ’دیکھیں ہم ابھی ٹیسٹ کھیل رہے ہیں اور چوتھے دن ہم نے اچھا کھیل پیش کیا۔ کل ٹیسٹ کا پانچواں اور فیصلہ کن دن ہے۔ اور ہم اس وقت کسی فیصلے کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔ ایک دفعہ میچ ختم ہو جائے تو ہم بیٹھیں گے اور فیصلہ کریں گے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا آغاز 30 اگست سے راولپنڈی میں ہو گا۔

شیئر: