راولپنڈی ٹیسٹ میں شریک شکیب الحسن پر بنگلہ دیش میں قتل کا مقدمہ درج
جمعہ 23 اگست 2024 14:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
شکیب الحسن اس وقت پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کھیل رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر اور عوامی لیگ کے رہنما شکیب الحسن کے خلاف دارالحکومت ڈھاکہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق شکیب الحسن ان 147 افراد میں شامل ہیں جن پر اگست کے اوائل میں بنگلہ دیش میں ہونے والے مظاہروں کے دوران گارمنٹ ورکر کے مبینہ قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
ڈھاکہ کے اڈابور پولیس سٹیشن کے ایک افسر نے کرک انفو کو تصدیق کی کہ یہ مقدمہ جمعرات کو مقتول محمد روبیل کے والد رفیق الاسلام نے درج کرایا تھا۔
بنگلہ دیش کے معروف کرکٹر ہونے کے علاوہ، شکیب الحسن عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ ہیں، ان کی جماعت اس ماہ کے شروع تک بنگلہ دیش میں برسراقتدار تھی۔
حالیہ مظاہروں کے وقت بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ اور پارٹی کے کئی سابق وزراء اور قانون ساز بھی اس مقدمے میں شامل ہیں۔
کرک انفو نے اپنی رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایف آئی آر میں شکیب الحسن اس مقدمے میں نامزد 27 ویں یا 28 ویں ملزم ہیں۔
تاہم، شکیب بنگلہ دیش میں ہونے والے مظاہروں کے دوران کینیڈا میں تھے جہاں وہ برامپٹن میں کھیلی جانے والی گلوبل ٹی20 کینیڈا لیگ میں بنگلہ ٹائیگرز مسی ساگا کی قیادت کر رہے تھے۔
شکیب کینیڈا جانے سے قبل جولائی کے وسط تک میجر لیگ کرکٹ میں حصہ لینے کے لیے امریکہ میں تھے جہاں انہوں نے 26 جولائی سے 9 اگست تک کرکٹ کھیلی۔
نیوز ویب سائٹ ڈیلی سٹار کی ایک رپورٹ کے مطابق مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’کچھ ملزمان نے براہ راست یا بالواسطہ طور پر ہدایات کے مطابق اس وقت گولیاں چلائیں جب روبیل سمیت سینکڑوں طلباء 5 اگست کو اڈابور علاقے کے رنگ روڈ پر احتجاج کر رہے تھے‘۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ روبیل فائرنگ میں زخمی ہوا اور دو دن بعد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے 16 جولائی سے 4 اگست کے درمیان بدامنی کے دوران ہلاق والوں کی تعداد 400 سے زیادہ بتائی ہے، کچھ رپورٹس میں یہ تعداد 650 سے زیادہ بتائی گئی ہے جبکہ بہت سے لوگ لاپتہ ہیں۔
عوامی لیگ کے خاتمے کے بعد بنگلہ دیش میں عبوری حکومت قائم کی گئی ہے، اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جہاں سابق قومی کپتان فاروق احمد نے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
شکیب رواں سال جنوری میں اپنے آبائی شہر ماگورا سے عام انتخابات میں کامیابی کے بعد رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے تھے۔ وہ اس وقت پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ کھیل رہے ہیں۔