سعودی عرب میں پہلے’ ثقافتی فنانسنگ‘ پروگرام کا آغاز
فنانسنگ پروگرام ثقافتی اداروں کی ترقی میں مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں ثقافتی ترقیاتی فنڈ (سی ڈی ایف) نے مملکت میں اپنی نوعیت کے پہلے ثقافتی فنانسنگ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس پروگرام کا مقصد ثقافتی شعبے میں پائیدار ترقی، تخلیقی پیداوار اور سعودی عرب کے جی ڈی پی میں اس شعبے کے تعاون کو بڑھانا ہے۔
ثقافتی فنانسنگ پروگرام کو لچکدار، قابل رسائی اور مسابقتی پیکیج کے ذریعے ثقافتی اداروں کی ترقی میں مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
یہ پروگرام مائیکرو، سمال اور میڈیم سائز کاروباری اداروں کو مالی اعانت فراہم کرتا ہے جس سے وہ قلیل اور طویل المدتی ضروریات دونوں کےلیے دستیاب مصنوعات کی ایک رینج کے ذریعے اپنے آپریشنز کو شروع کرنے اور اسے بڑھانے کے قابل بناتے ہیں۔
ثقافتی ترقیاتی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو ماجد الحقیل کا کہنا ہے’ثقافتی فنانسنگ مقامی بینکنگ پارٹنرز کے تعاون سے ثقافتی شعبے کو با اختیار بنانے کا انیٹشیو ہے.{
ان کے مطابق ’ہم ثقافتی شعبے کی بحالی کے ساتھ قومی معیشت کو تقویت دینے میں اس تعاون کے مثبت اثرات کو دیکھنے کے خواہاں ہیں۔
یاد رہے کہ ثقافتی ترقیاتی فنڈ نے ثقافتی فنانسنگ کے لیے پانچ مقامی بنکوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
ثقافتی ترقیاتی فنڈ 2021 میں سعودی عرب کے کلچرل لینڈ سکیپ کو فروغ دینے کےلیے قائم کیا گیا تھا۔
یہ فنڈ مختلف ثقافتی سرگرمیوں اورمنصوبوں کی سپورٹ، سرمایہ کاری میں سہولت، قومی ثقافتی حکمت عملی اور سعودی وژن 2030 کے مطابق ملکی ثقافتی شعبے کے منافع میں اضافے کی کوشش کرتا ہے۔