سعودی عرب میں ججوں کےلیے کریمنل لا ڈپلومہ متعارف
یہ پروگرام مملکت میں جاری قانون سازی سے مطابقت رکھتا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر انصاف ولید الصمعانی نے فوجداری عدالتوں کے ججوں کے لیے ہائیر ڈپلومہ ان کریمنل لا پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہا’ یہ پروگرام ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں مملکت میں جاری قانون سازی سے مطابقت رکھتا ہے‘۔
پروگرام کا مقصد حقوق، انصاف اور شفافیت کو برقرار رکھنا اور قانونی فیصلوں کی توقعات کو بڑھانا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ’ یہ پروگرام ججوں کو بنیادی اصولوں اور کریمنل لا کے عمومی اصولوں سے لیس کرنے کے ساتھ ان کی قانونی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے‘۔
قانونی دفعات کی درست تشریح اور اس کے نفاذ پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے یہ پروگرام کریمنل رولنگ کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا ہے۔
ہائیر ڈپلومہ ان کریمنل لا ایسے کورسز پیش کرتا ہے جو کریمنل لا کے اصولوں کی تفہیم، طریقہ کار کو واضح اور ججوں کو جرائم کی درست نشاندہی میں مدد کرتے ہیں۔
اس میں سعودی قانون کے تحت مخصوص جرائم، ان کی سزاوں اور قوانین کے اطلاق کا بھی احاطہ کیا گیا ہے۔