سعودی وزارت انصاف نے 3 لاکھ 30 ہزار ای مصالحتی دستاویز جاری کردیں
اتوار 14 جولائی 2024 21:47
مصالت نامے سرکاری عدالتی دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت انصاف نے تراضی پورٹل کے ذریعے تین لاکھ 30 ہزار سے زیادہ الیکڑانک مصالحتی دستاویز جاری کی ہیں۔
ان میں پرسنل سٹیٹس، ٹریفک، رئیل سٹیٹ، کریمنل، کمرشل، لیبر، فنانشل، انٹیلیکچوئل پراپرٹی اورطبی غلطیاں شامل ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق تنازعات کو حل کرنے کےلیے تراضی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر مصالحتی خدمات فراہم کی جاتی ہیں جس میں ماہر ثالث اور ماہرین ادارہ جاتی طریقہ کار اور منظور شدہ قانون سازی کے مطابق کام کرتے ہیں۔
التراضی پورٹل سے جاری مصالت نامے سرکاری عدالتی دستاویز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں ایگزیکٹیو عدالتی سسٹم کے ذریعے عمل درآمد کرایا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت انصاف مقدمے کو باقاعدہ عدالتی کارروائی سے قبل مصالحت کے ذریعے طے کرانے کا طریقہ کار متعارف کرائے ہوئے ہے۔
وزارت انصاف کے مطابق جو افراد اس سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہوں وہ ’التراضی پورٹل‘ پر جا کرصلح کی نوعیت کا انتخاب کریں اور مقررہ فارم پر کریں تاکہ امیدوار کو درخواست کی وصولی کا پیغام بھیجا جاسکے۔
اس کارروائی کے بعد آن لائن صلح سماعت کی تاریخ کا پیغام فریقین کو جاری کیا جاتا ہے۔ مصالحت مرکز کے ذریعے طے شدہ معاملے کی چھان بین کی جاتی ہے۔ اس کے بعد متعلقہ فریقوں سے صلح نامے کے اجرا کی منظوری تراضی پورٹل کے ذریعے حاصل کی جاتی ہے۔
بعدازاں صلح نامہ جاری کردیا جاتا ہے جو پورٹل پر موجود ہوتا ہے۔ امیدوار کو اس تک رسائی رہتی ہے۔