سعودی عرب آئندہ سال جنوری میں’فیوچر منرلز فورم‘ کی میزبانی کرے گا
کانکنکی کانفرنس میں 100 سے زائد ممالک شریک ہوں گے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرسرپرستی بین الاقوامی کانفرنس جنوری 2025 کو ریاض میں ہوگی۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی عرب ’فیوچر منرلز فورم‘ (ایف ایم ایف) کے چوتھے ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ یہ کانفرنس 14 سے 16 جنوری 2025 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر میں ہوگی۔
’فیوچر منرلز فورم‘ میں دنیا کے اعلی فیصلہ ساز سخت چیلنجوں پر ایکشن کے لیے جمع ہوتے ہیں جہاں معدنیات کو ترقی، عالمی خوشحالی اور توانائی کی منتقلی کی کنجی کے طور پر عالمی ایجنڈے میں سرفہرست رکھا جاتا ہے۔
2022 سے ’فیوچر منرلز فورم‘ نے معدنیات پیدا کرنے والے ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے اور دنیا کو درکار اہم معدنیات کی سپلائی چین بنانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف کا کہنا ہے کانفرنس میں کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر توجہ ہوگی۔
یہ کان کنی کے شعبے میں حکومتوں سے لے کر کان کنی کمپنیوں، مالیاتی اداروں، سروس کمپنیوں، تحقیقی مراکز اور یونیورسٹیوں تک تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے ایک منفرد فورم بن گیا ہے۔
الخریف نے کہا کانفرنس کان کنی اور معدنیات کے شعبے کو درپیش چیلنجوں پر تبادلہ خیال کا ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جس میں ان چیلنجوں سے نمٹنے کےلیے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ٹھوس حل پیش کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔
کانفرنس میں 100 سے زائد ممالک کے علاوہ 40 تنظیموں پر مشتمل ورکنگ گروپس شامل ہوں گے جن میں بین الاقوامی تنظیمں، این جی اوز اور تجارتی ادارے شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ جنوری 2024 میں ’فیوچر منرلز فورم‘ کے تیسرے ایڈیشن نے 133 ملکوں کے 14 ہزار سے زیادہ شرکا کو جمع کیا، جن میں وزرا، سرکاری عہدیدار، عالمی تنظیموں کے رہنما، کان کنی اور معدنیات کی بڑی کمپنیوں کے سی ای اوز شامل تھے۔ فورم کے دوران تقریباً 75 ارب ریال مالیت کے 75 معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
گذشتہ ایڈیشن میں مملکت میں معدنی وسائل کے نئے تخمینوں کا اعلان بھی ہوا جو 5 ٹریلین ریال سے بڑھ کر 9.3 ٹریلین ریال تک پہنچ گئے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں