Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، ’ملک میں سرمایہ کاری آئے گی‘

معاشی ماہرین نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو دوست ممالک کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو ایک درجہ بہتر کرتے ہوئے سی اے اے تھری سے سی اے اے ٹُو قرار دے دیا ہے۔
موڈیز کے جاری کردہ بیان میں پاکستان کی معیشت کے مثبت منظرنامے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ ملک کی لیکویڈٹی صورت حال میں معمولی بہتری اور ڈیفالٹ رسک میں کمی نے اس ریٹنگ کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
موڈیز کے مطابق پاکستانی معیشت میں حالیہ بہتری اور مالی استحکام کے اقدامات نے ملک کی کریڈٹ پروفائل کو مضبوط کیا ہے، اس سے مستقبل میں بہتری کی امیدیں وابستہ کی جا رہی ہیں۔ 
اس ترقی کی روشنی میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کی جانب سے پاکستان کو فراہم کردہ تعاون بھی اہمیت کا حامل ہے۔
معاشی ماہرین نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کو بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور دوست ممالک کے تعاون اور مثبت پالیسی اقدامات کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ 
معاشی امور کے ماہر ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں ایک درجہ بہتری ملک کی معیشت کے لیے ایک مثبت علامت ہے۔
ڈاکٹر صدیقی کہتے ہیں کہ دوست ممالک کی جانب سے قرض کی رقم رول اوور کرنے اور نئی سرمایہ کاری کے اقدامات نے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری اور عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال ہونا پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو رہا ہے۔
ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کے مطابق امید ہے کہ نئے قرض کے حصول کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔

ماہرین کے مطابق ’آئی ایم ایف سے لیا گیا قرض معیشت کو وقتی سہارا دے سکتا ہے، لیکن یہ مستقل حل نہیں‘ (فائل فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے اشارہ دیا کہ حکومت اور سیاسی جماعتوں کو یہ سمجھنا چاہیے کہ آئی ایم ایف سے لیا گیا قرض پاکستانی معیشت کو وقتی طور پر تو سہارا دے سکتا ہے، لیکن یہ مستقل حل نہیں ہے۔ 
ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی کا کہنا ہے کہ پروگرام کے 37 ماہ بعد پاکستان کو دوبارہ آئی ایم ایف سے رجوع کرنا پڑ سکتا ہے، اور حکومت کا یہ کہنا کہ یہ آخری پروگرام ہے موجودہ حالات میں حقیقت پسندانہ نہیں ہے۔
کراچی ایوان صنعت و تجارت کے سابق صدر اور بزنس مین گروپ کے سربراہ زبیر موتی والا نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ موڈیز کی جانب سے پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری ایک خوش آئند بات ہے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ اس پیش رفت سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھے گا اور ملک میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں ہوں گے۔
زبیر موتی والا نے مزید بتایا کہ عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کی معیشت کے بارے میں بہتر بیانات دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے جو پاکستان کی معیشت میں بہتری کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔
ان کے مطابق ’اس سے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں مزید دلچسپی ظاہر کریں گے جو کہ ملکی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘

شیئر: