کیا آپ بھی گاڑی پر ارشد ندیم کی طرح اپنی پسند کا نمبر لگوا سکتے ہیں؟
کیا آپ بھی گاڑی پر ارشد ندیم کی طرح اپنی پسند کا نمبر لگوا سکتے ہیں؟
بدھ 28 اگست 2024 18:15
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
پروگرام کے تحت کوئی بھی شخص اضافی پیسے دے کر وینیٹی پلیٹ لگوا سکے گا (فائل فوٹو: سہگل موٹرز ڈاٹ پی کے)
پاکستان کے نامور ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے کے بعد جہاں بہت سے انعام و اکرام سے نوازا گیا ہے وہیں پنجاب حکومت نے انہیں ایک گاڑی تحفے میں دیتے ہوئے اس کا نمبر ان کے اولمپکس ریکارڈ کے مطابق 92.97 جاری کیا ہے۔
پاکستان میں یہ پہلی گاڑی ہے جس کو مروجہ طریقہ کار سے ہٹ کر انتہائی غیرمعمولی قانونی نمبر جاری کیا گیا ہے۔
تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ جن قواعد کے تحت ارشد ندیم کو گاڑی کا یہ نمبر جاری کیا گیا وہ محکمہ ایکسائز پنجاب کا وینیٹی پلیٹس کا پہلے سے جاری ایک پروگرام ہے جسے آئندہ چند روز میں باضابطہ طور پر لانچ کیا جا رہا ہے۔
اس پروگرام کے تحت کسی بھی شخص کو یہ حق حاصل ہو گا کہ وہ اپنی مرضی کی وینیٹی پلیٹ لگوا سکے گا، تاہم اس کے لیے انہیں اضافی پیسے دینا ہوں گے۔ وینیٹی پلیٹ ہے کیا؟
دنیا بھر میں وینیٹی پلیٹس کا اجرا ان افراد کو کیا جاتا ہے جو اپنی گاڑی پر نمبر پلیٹ کی جگہ اپنے نام کے ہجے یا کوئی مخصوص ہندسے لکھوانا چاہتے ہوں۔ ان کی گاڑی کا وہی رجسٹریشن نمبر تصور ہوتا ہے۔
وینیٹی پلیٹس کو دنیا بھر میں کئی طرح کے ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ امریکہ اور کینیڈا میں اسے پرسنلائزڈ پلیٹ، برطانیہ میں اسے پرائیویٹ نمبر پلیٹ کہا جاتا ہے۔ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں اسے کسٹمائزڈ نمبر پلیٹ بھی کہا جاتا ہے۔
شوقین افراد اپنی مرضی کے جملے، الفاظ یا ذاتی ناموں کو نمبر پلیٹ پر کندہ کرواتے ہیں اور وہ سرکاری طور پر ایک قانونی نمبر پلیٹ تصور کی جاتی ہے۔ پنجاب کا وینیٹی پلیٹ پروگرام کیا ہے؟
صوبہ پنجاب کے محکمہ ایکسائز نے حال ہی میں اپنا پہلا وینیٹی پروگرام منظور کیا ہے۔ اردو نیوز کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ ایکسائز نے بنیادی طور پر آئندہ چند دنوں میں تین کیٹیگریز میں وینیٹی پلیٹ کا پروگرام شروع کرنا ہے۔
پلاٹینم، گولڈ اور کارپوریٹ تین کیٹیگریز میں پلاٹینم پلیٹ میں آٹھ الفاظ یا نمبر رجسٹرڈ کروائے جا سکتے ہیں۔
یہ آٹھ انگریزی کے حروفِ تہجی بھی ہو سکتے ہیں یا حروف اور ’لکی نمبر‘ کے ملاپ کا کوئی مجموعہ ہے۔ اس کی بنیادی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔
گولڈ کیٹیگری تین الفاظ اور تین نمبرز پر مشتمل ہے اور اس کی بنیادی قیمت پانچ لاکھ روپے رکھی گئی ہے جبکہ سب سے مہنگی کیٹیگری کارپوریٹ کیٹیگری ہے جس میں ایک وینیٹی پلیٹ کی بنیادی قیمت ایک کروڑ روپے مختص کی گئی ہے۔
اپنا من پسند نمبر خریدنے کے لیے صارفین کو کسٹم کی ویب سائٹ پر 15 دن پہلے آن لائن رجسٹریشن کروانا ہو گی اور اپنی مرضی کے الفاظ یا نمبر کا مجموعہ دینا ہو گا۔
اس کے بعد اس کی آکشن کی جائے گی اور منظوری کی صورت میں پیسے جمع کروا کو اپنی مرضی کا رجسٹریشن نمبر حاصل کیا جا سکے گا۔
اس پروگرام میں ذات برادری، سیاسی پارٹیوں اور سیاسی شخصیات کے ناموں کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ یعنی دوسرے لفظوں میں جٹ، ارائیں اور راجپوت وغیرہ کے نام کی پلیٹ آپ بُک نہیں کروا سکیں گے۔
اسی طرح سیاسی جماعتوں اور ان کے قائدین کے نام کی وینیٹی پلیٹس بھی نہیں لی جا سکیں گی۔
تاہم محکمہ ایکسائز نے اس بات کی وجہ نہیں بتائی کہ ذات برادریوں اور سیاسی شخصیات کو اس پروگرام کا حصہ کیوں نہیں بنایا گیا ہے۔