Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض اور تبوک میں انڈین اور سعودی شہری کو سزائے موت

دونوں کی سزا پر جمعرات کو عمل درآمد کردیا گیا۔ (فوٹو اخبار 24)
سعودی وزارت داخلہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ ریاض میں  سعودی کے قاتل انڈین کو اور تبوک میں منشیات کے سمگلر سعودی شہری کو سزائے موت دے دی گئی۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں بتایا کہ ریاض میں انڈین شہری شیرومبا عبدالقادر عبدالرحمان نے سعودی شہری یوسف بن عبدالعزیز بن ہد الذکیر کے سر پر کسی سخت چیز سے کئی بار وار کرکے  اسے ہلاک کردیا اور فرار ہوگیا۔
سیکیورٹی فورس نے اسے گرفتار کرکے تمام قانونی کارروائی مکمل کرنے کے  بعد عدالت کے  حوالے کیا جہاں اقبال جرم اور شواہد کی بنیاد پر عدالت نے سزائے موت کا حکم صادر کردیا۔
قانون کے مطابق ابتدائی عدالت کے فیصلے کو اپیل کورٹ میں پیش کیا گیا جہاں اپیل رد ہونے پر سپریم کورٹ نے بھی سابقہ عدالتی فیصلے کو برقرار رکھا۔ آخر میں ایوان شاہی نے فیصلے پر عمل کا حکم جاری کیا جس پر وزارت داخلہ نے جمعرات کو ریاض میں عمل درآمد کرا دیا۔
دوسری جانب  تبوک ریجن میں سیکیورٹی فورس نے ایک سعودی شہری عید بن راشد بن محمد العمیری کونشہ آور گولیاں سمگل کرنے پر گرفتار کیا۔ اس کے خلاف کارروائی مکمل کرکے عدالت کے حوالے کیا گیا جہاں عدالت نے اقبالی بیان اور ثبوتوں کی روشنی میں اس کے خلاف سزائے موت کا فیصلہ سنایا۔  جس پر جمعرات کو تبوک میں عمل درآمد کردیا گیا۔
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی اور انہیں منشیات کی لعنت سے بچانے کے  لیے اس طرح کے لوگوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: