دپیکا اور رنویر جلد شاہ رخ کے پڑوسی بن جائیں گے، لگژری اپارٹمنٹ کی قیمت کتنی ہے؟
دپیکا اور رنویر جلد شاہ رخ کے پڑوسی بن جائیں گے، لگژری اپارٹمنٹ کی قیمت کتنی ہے؟
جمعہ 30 اگست 2024 5:49
بالی وڈ کے جوڑے نے چار منزلہ لگژری اپارٹمنٹ 100 کروڑ انڈین روپے میں خریدا ہے (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
بالی وڈ کا معروف جوڑا دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کے جلد ہی ایک نئے لگژری اپارٹمنٹ میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔
اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق دونوں نے حال ہی میں ممبئی کے علاقے بینڈرا میں ایک مہنگا اپارٹمنٹ خریدا ہے جو کہ بالی وڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ’منت‘ کے ساتھ واقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے جوڑے نے ساحل سمندر پر واقع یہ چار منزلہ لگژری اپارٹمنٹ 100 کروڑ انڈین روپے (ایک ارب انڈین روپے) میں خریدا ہے۔
اطلاعات ہیں کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون ستمبر میں والدین بننے والے ہیں اور وہ اپارٹمنٹ مکمل ہونے کے بعد جلد ہی اس میں منتقل ہو جائیں گے۔
ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ اپارٹمنٹ تکمیل کے مرحلے میں ہے، شاہ رُخ خان کے بنگلے کے قریب واقع اس اپارٹمنٹ سے سمندر کا دلفریب نظارہ کیا جا سکتا ہے۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون نے دو برس قبل علی باغ کے علاقے میں 22 کروڑ روپے مالیت کا ایک بنگلہ خریدا تھا۔
دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ 2013 میں فلم ’رام لیلا‘ کے سیٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئے اور پھر 2018 میں اٹلی میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
رواں برس فروری میں جوڑے کی جانب سے یہ بتایا گیا تھا کہ دپیکا پاڈوکون ماں بننے والی ہیں۔
اداکارہ کی بالی وڈ میں حالیہ مصروفیت کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ گذشتہ دو سال کے دوران ان کی ’پٹھان‘، ’جوان‘، ’فائٹر‘ اور ’کالکی 2898 اے ڈی‘ جیسی کامیاب فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔
رنویر سنگھ سینما کی سکرین پر آخری بار ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ جبکہ دپیکا پاڈوکون فلم ’فائٹر‘ میں نظر آئیں۔
دپیکا پاڈوکون کی آنے والی فلم ’سنگھم اگین‘ دیوالی کے موقع پر سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
دوسری جانب رنویر سنگھ ڈائریکٹر ادیتیا دھر کی جاسوسی کے موضوع پر آنے والی فلم میں اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کی دیگر کاسٹ میں سنجے دت، ارجن رام پال، اکشے کھنہ اور مدھاون شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رنویر سنگھ اپنی اہلیہ دپیکا پاڈوکون کے ساتھ ڈائریکٹر روہت شیٹی کی فلم ’سنگھم اگین‘ کے علاوہ فلم ساز فرحان اختر کی ’ڈان تھری‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔
شاہ رخ خان کے مداح کئی برسوں سے ڈان 3 کے انتظار میں تھے، تاہم ایکسل موویز کی جانب سے اُن کے بجائے فلم میں رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے کا اعلان کیا گیا۔