پانچ برس بعد دپیکا اور رنویر کی شادی ایک مرتبہ پھر ’ٹاک آف دا ٹاؤن‘
جمعرات 26 اکتوبر 2023 16:05
خیال رہے رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون کی شادی 2018 میں اٹلی میں ہوئی تھی۔ (فوٹو: دپیکا پاڈوکون انسٹاگرام)
بالی وُڈ کی سپرسٹار جوڑی دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کو تو پانچ برس کے قریب عرصہ ہونے والا ہے، تاہم دونوں ستاروں کی شادی ایک مرتبہ پھر سے خبروں کی زینت بن گئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی پانچ برسوں بعد ایک مرتبہ پھر سے مشہور شو ’کافی وِد کرن‘ کے باعث ہیڈلائنز میں آچکی ہے۔
بالی وُڈ کے ہدایت کار کرن جوہر کے چیٹ شو ’کافی وِد کرن‘ کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس کی پہلی قسط میں دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے شرکت کی۔
اس سے قبل دونوں سپرسٹارز اس شو میں شرکت کر چکے ہیں، تاہم شادی کے بعد انہوں نے پہلی مرتبہ کافی وِد کرن میں شرکت کی ہے۔
کافی وِد کرن کی پہلی قسط میں کرن جوہر نے معروف جوڑے کی شادی کی ویڈیو پہلی مرتبہ عوام کے سامنے پیش کی۔
ویڈیو میں دونوں ستاروں کی شادی کے خوب صورت اور تہواروں سے بھرپور مناظر کو دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دپیکا پاڈوکون کی مہندی کی تقریب کو بھی دکھایا گیا ہے جبکہ رنویر سنگھ کو ڈانس کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
کافی وِد کرن کی پہلی قسط میں یہ ویڈیو دکھانے کے بعد کرن جوہر جذباتی ہو جاتے ہیں۔
خیال رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون کی شادی 2018 میں اٹلی میں ہوئی تھی۔
اس شادی میں اُن کے اہل خانہ، عزیز و اقارب اور قریبی دوستوں نے شرکت کی تھی۔
اس کے بعد دونوں سپرسٹارز نے بنگلورو اور ممبئی میں شادی کی استقبالیہ کی تقریب منعقد کی تھی۔
رنویر سنگھ اور دپیکا پاڈوکون نے پہلی مرتبہ 2013 میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’گولیوں کی راس لیلا رام لیلا‘ میں ایک ساتھ بڑے پردے پر کام کیا تھا۔
اس کے بعد دونوں سپرسٹارز ’باجی راؤ مستانی‘ اور ’پدماوت‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی ایک ساتھ کام کر چکے ہیں۔