فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز
شاہین شاہ آفریدی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں صرف دو کھلاڑیوں کو ہی آؤٹ کر سکے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیا ہے۔
جمعے کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فاسٹ بولر کو فیملی کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کیا گیا ہے۔
شاہین شاہ آفریدی کے ہاں سنیچر کو بیٹے کی ولادت ہوئی تھی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں شاہین آفریدی کے بچے کی پیدائش کی اطلاع دیتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی دی تھی۔
تاہم پی سی بی نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا تھا کہ ’شاہین شاہ آفریدی راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کے بعد کراچی کے لیے روانہ ہو جائیں گے اور وہ دوسرے ٹیسٹ سے قبل ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔‘
تاہم بعدازاں جب بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا گیا تو شاہین آفریدی کو ڈراپ کردیا گیا۔
آؤٹ آف فارم شاہین شاہ آفریدی بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکے، اور وہ مجموعی طور پر 32 اوورز کرانے کے بعد صرف دو کھلاڑیوں کو ہی آؤٹ کر سکے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ آج پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جمعے سے تین منگل تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔ سیریز میں بنگلا دیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔