آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم کی 6 درجے تنزلی
بدھ 28 اگست 2024 12:47
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں چھ درجے تنزلی کے بعد 9ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
راولپنڈی ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف مایوس کن کارکردگی کے بعد پاکستان کے سٹار بیٹر بابر اعظم کی ٹیسٹ رینکنگ میں 6 درجے تنزلی ہو گئی ہے۔
بدھ کے روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹیسٹ پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کی جس میں بابر اعظم تیسرے سے نویں نمبر پر چلے گئے۔
واضح رہے کہ ہوم کنڈیشنز میں کھیلنے کے باوجود بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں ناکام رہنے والے بابر اعظم 2022 میں کراچی باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ کے بعد سے کوئی سنچری نہیں بنا سکے۔ بابر اعظم سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچوں میں نظر آنے کے باوجود نصف سنچری بھی نہیں بنا سکے تھے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی بیٹر محمد رضوان کی رینکنگ میں 7 درجے بہتری آئی ہے، وہ آسٹریلیا کے بیٹر عثمان خواجہ کے 728 یکساں پوائنٹس کے ساتھ 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔
سعود شکیل کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہے وہ 14 ویں سے 13 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری بروک تین درجہ ترقی کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ان سے آگے جو روٹ، کین ولیمسن اور ڈیرل مچل بدتریج پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشنز پر برقرار ہیں۔
ہیری بروک کے عروج اور بابر اعظم کی تنزلی نے انڈین پلیئر یشوی جیسوال اور ویرات کوہلی کو رینکنگ میں جگہ حاصل کرنے میں مدد کی ہے۔ جیسوال کو ایک درجے کا فائدہ ہوا اور وہ فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں جبکہ کوہلی کو دو درجے کا فائدہ ہوا اور اب وہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔
ٹاپ 10 کی فہرست میں یاشاسوی جیسوال اور ویرات کوہلی کے ساتھ تیسرے انڈین پلیئر روہت شرما بھی شامل ہیں جو چھٹے نمبر پر ہیں۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے سینئر بیٹر مشفق الرحیم نے راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف 191 رنز کی اننگ کھیل کر 7 درجے ترقی حاصل کی ہے اور اب وہ رینکنگ میں 17ویں نمبر پر ہیں۔