یہ بنگلہ دیش کی ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے خلاف پہلی جیت ہے۔
اس سے قبل ٹیسٹ کے پانچویں دن دوسری اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم 146 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
دوسری اننگز میں پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 51، عبداللہ شفیق نے 37 اور بابر اعظم نے 22 رنز بنائے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مہدی حسن میراز نے چار، شکیب الحسن نے تین اور شوریفُل اسلام نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پاکستان نے پانچویں دن کے کھیل کا آغاز ایک وکٹ کے نقصان پر 23 رنز سے کیا۔
بنگلہ دیش کو دوسری وکٹ 28 کے ٹیم سکور پر ملی جب شان مسعود حسن محمود کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ دے بیٹھے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 66 کے ٹیم سکور پر گری جب سٹار بیٹر بابر اعظم 22 رنز بنا کر ناہید رانا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پہلی اننگز میں سینچری کرنے والے سعود شکیل کا بیٹ اس اننگز میں خاموش رہا اور وہ صفر کے سکور پر شکیب الحسن کی گیند پر لٹن داس کے ہاتھوں سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
میچ کے پانچویں دن پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بنگلہ دیشی سپنرز کا جادو سر چڑھ کر بولا اور پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی سپن بولنگ کے بُنے جال میں پھنستے چلے گئے۔
پاکستان کو پانچواں نقصان عبداللہ شفیق کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔
بنگلہ دیش کو چھٹی وکٹ کے لیے زیادہ مزاحمت نہ کرنا پڑی جس کے بعد سلمان علی آغا بھی صفر کے سکور پر مہدی حسن میراز کی وکٹ بن گئے۔
پاکستان کو ساتواں جھٹکا شاہین آفریدی کی وکٹ کی صورت میں لگا جب وہ مہدی حسن میراز کی گیند پر صرف دو رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس دوران محمد رضوان ٹیل اینڈرز کے ساتھ مزاحمت دکھاتے رہے تاہم نسیم شاہ نے اُن کا ساتھ نہ دیتے ہوئے 3 رن پر اپنی وکٹ گنوا دی۔
محمد رضوان نے اپنی اننگز میں نصف سینچری پوری کی اور پھر 51 کے سکور پر مہدی حسن میراز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی محمد علی تھے جو صفر کے سکور پر مہدی حسن میراز کا اننگز میں چوتھا شکار بن گئے۔
اس سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 565 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
بنگلہ دیش نے پاکستان پر پہلی اننگز میں 117 رنز کی برتری حاصل کی۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز 6 وکٹوں کے نقصان پر 448 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔
سیریز کا دوسرا میچ 30 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئنز شپ کا حصہ ہے۔
پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، محمد علی اور خرم شہزاد شامل تھے۔
بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے بنگلہ دیش کی ٹیم میں نجم الحسین شانتو (کپتان)، شادمان اسلام، ذاکر حسن، مومن الحق، مشفیق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمار داس (وکٹ کیپر)، مہدی حسن میراز، شوریفُل اسلام، حسن محمود اور ناہید رانا شامل تھے۔