بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ جیکلین فرنینڈز 200 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس کے مرکزی کردار سکیش چندرشیکھر کے ساتھ مبینہ تعلق کی وجہ سے اکثر سرخیوں کا حصہ رہتی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے حال ہی میں کہا گیا ہے کہ خدا پر پختہ ایمان اور باقاعدہ مراقبہ کرنے کی وجہ سے وہ خوف اور ڈر سے محفوظ رہتی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق ایک انٹرویو میں جب جیکلین فرنینڈز سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے کام کے علاوہ دیگر چیزوں پر دھیان دینے سے کیسے خود کو بچاتی ہیں؟
’مرڈر ٹُو‘ کی ہیروئن جیکلین فرنینڈز نے اس سوال کا جواب کچھ یوں دیا کہ ’مثبت اور منفی پہلو ہمیشہ ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔‘
جب جیکلین فرنینڈز سے پوچھا گیا کہ زندگی میں پیش آنے والی مختلف مشکلات میں وہ کیسے خود کو توانا رکھتی ہیں؟
اس پر جیکلین فرنینڈز کا کہنا تھا کہ ’خدا کی ذات پر کامل یقین ان کے لیے اس ضمن میں کافی مددگار ثابت ہوتا ہے۔‘
وہ بتاتی ہیں کہ ’یہ (خدا کی ذات پر یقین) ہمیشہ سے ہی میری زندگی میں ایک بہت مضبوط قوت رہی ہے اور اسی کی وجہ سے مجھے مشکل وقت میں کوئی پریشانی پیش نہیں آتی۔‘
جیکلین فرنینڈز کی جانب سے مزید کہا گیا کہ وہ باقاعدگی سے مراقبہ کرتی ہیں جس کی وجہ سے انہیں مثبت اور منفی خیالات رکھنے والے افراد میں فرق کرنے میں آسانی ہوتی ہے اور یہ انہیں خاندان اور اچھے لوگوں کو قریب رکھنے میں مدد بھی فراہم کرتا ہے۔
جیکلین فرنینڈز کہتی ہیں کہ وہ اپنی ہمدردی کی صلاحیت کو کمزوری نہیں بلکہ ایک طاقت سمجھتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انسانوں، جانوروں اور قدرت کی عزت کی جانی چاہیے۔
جیکلین فرنینڈز کو گذشتہ ماہ لین دین کے معاملات پر نظر رکھنے والی انڈین ایجنسی ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے سکیش چندرشیکھر کے 200 کروڑ کے منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شُبے میں جواب دہی کے لیے طلب کیا تھا۔
اس سے قبل بھی جیکلین فرنینڈز اس معاملے پر حکومت کے مختلف تفتیشی اداروں کے سامنے پیش ہوتی رہی ہیں