Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترکیہ میں موساد کا مالیاتی نیٹ ورک چلانے کے شبے میں ایک شخص گرفتار

ایم آئی ٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شخص 25 اگست کو ترکی میں داخل ہونے کے بعد سے نگرانی میں تھا (فوٹو: روئٹرز)
ترکیہ کی خفیہ ایجنسی نے کہا ہے کہ کوسوو کے ایک شہری کو ملک میں اسرائیل کی موساد انٹیلی جنس ایجنسی کا مالیاتی نیٹ ورک چلانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ترک انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی ٹی نے کہا کہ لیریڈون ریکسپی کو 30 اگست کو استنبول میں حراست میں لیا گیا تھا جس پر ترکیہ میں کام کرنے والے موساد کے اہلکاروں کو رقوم کی منتقلی کا شبہ تھا۔
ترکیہ نے غزہ کی پٹی میں حماس کے عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ کے لیے اسرائیل کی مذمت کی ہے۔ رواں برس 20 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کا موساد سے تعلق کا شبہ ہے۔
ایم آئی ٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ شخص 25 اگست کو ترکیہ میں داخل ہونے کے بعد سے نگرانی میں تھا۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے مشرقی یورپی ممالک، بنیادی طور پر کوسوو سے، ترکی میں موساد کے ایجنٹوں کو مالیاتی منتقلی کی سہولت فراہم کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لیریڈون ریکسپی کی جانب سے منتقل کیے گئے فنڈز مبینہ طور پر شام میں خفیہ معلومات اکٹھا کرنے، فلسطینیوں کے خلاف نفسیاتی کارروائیوں اور ڈرون سے متعلق کارروائیوں کو مربوط کرنے کے لیے استعمال کیے گئے۔
لیریڈون ریکسپی نے رقوم کو ترکی میں منتقل کرنے کے لیے ٹرانسفر سروسز کا استعمال کیا۔ جب فنڈز منتقل ہو گئے تو فیلڈ آپریٹیو میں تقسیم کیے گئے جنہوں نے بدلے میں کچھ رقم شام میں منتقل کی۔ اکثر لین دین کے لیے کرپٹو کرنسی کا استعمال کیا جاتا تھا۔

شیئر: