Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی خاتون کارکن کی ہلاکت، رابطہ عالم اسلامی کی مذمت

بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام فلسطینی علاقوں میں جاری منظم تشدد کا حصہ ہے ( فوٹو: اے پی)
رابطہ عالم اسلامی نے جنوبی نابلس میں قابض اسرائیلی فورسز اور انتہا پسند ملیشیا کے ہاتھوں امریکی خاتون کارکن ایسینور ازجی اور ایک بچی بانا امجد بکر کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔
یہ  اقدام فلسطینی علاقوں میں جاری منظم تشدد کا حصہ ہے جس کی مثال غزہ میں ہونے والی المناک تباہی ہے۔
 جنرل سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں سیکرٹری جنرل اور چیئرمین مسلم علما کونسل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسی نے اسرائیلی حکومت کی جنگی مشینری کی جانب سے مسلسل اور خوفناک جرائم کی مذمت کی جو بین الاقوامی اور انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے ان منظم جرائم اور نہتے شہریوں کے خلاف جاری ظلم و ستم کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ مغربی کنارے میں ایک مظاہرے کے دوران 26 سالہ ایسینور ازجی کے سر میں گولی ماری گئی۔
خاتون کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے بلاوجہ، غیرقانونی اور پُرتشدد طریقے سے ان کی جان لی۔
 ایسینور ازجیانٹرنیشنل سولیڈیریٹی موومنٹ (آئی ایس ایم) کی رکن تھیں جو فلسطین کی حامی تنظیم ہے۔ وہ مغربی کنارے کے علاقے بیتا میں اسرائیلی بستیوں کے خلاف ہفتہ وار مظاہرے میں شرکت کے لیے موجود تھیں۔  
مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں میں جہاں تقریباً چار لاکھ 90 ہزار لوگ رہتے ہیں، بین الاقوامی قانون کے تحت غیرقانونی ہیں۔

شیئر: