Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الاسفر جھیل: ریت کے ٹیلوں میں لپٹی نایاب فلیمنگو کی عارضی پناہ گاہ

مچھلیوں کی کثیر تعداد کے باعث مہاجر پرندے جھیل کے آس پاس بستے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب کی مشرقی ریجن الاحسا میں واقع الاسفر جھیل، پرندوں اور جنگلی حیات سے مزین خوبصورت وسیع منظر پیش کرتی ہے، یہ ہجرت کرنے والے ہزاروں پرندوں کی عارضی پناہ گاہ کے طور پر اہم مقام ہے۔
عرب نیوز کے مطابق الاسفر جھیل قدرتی مناظر اور اپنے شاندار محل و وقوع  کے باعث فطرت سے محبت رکھنے والے دنیا بھر سے آنے والے سیاح اور دیگر شائقین کے لیے دلکشی کا باعث ہے۔
الاحسا گورنریٹ میں رہنے والے سیاحتی گائیڈ دیف احمد نے بتایا ہے ’الاسفر جھیل مملکت میں سیاحت کے لیے اہم ترین مقامات میں سے خاص حیثیت رکھتی ہے۔‘
 سیاحتی گائیڈ کا کہنا ہے کہ یہ جھیل سینکڑوں برس پرانی ہے اور اس میں تقریباً 162 چشموں سے پانی آتا ہے۔
الحقل کا چشمہ تقریباً 80000 لیٹر پانی فی منٹ فراہم کرتا ہے۔ الخدود اور دیگر چشموں سے گرتا تازہ پانی جھیل سے ہوتاہوا قریب ہی دریائے تھمہلب میں گرتا ہے۔
دیف احمد نے بتایا یہاں بہنے والے چشموں کا تازہ پانی اپنی مٹھاس کے لیے جانا جاتا ہے اور یہی پانی مقامی لوگ اپنے گھریلو استعمال میں لاتے ہیں۔
زمانہ قدیم میں اس علاقے میں بسنے والے بدوی قبیلے جھیل کے ارد گرد خیمے لگاتے تھے اور قریبی سبزہ زاروں میں اپنے مویشی، بھیڑیں اور اورنٹ چرنے کے لیے چھوڑ دیتے تھے۔

یہ جھیل سینکڑوں سال قدیم ہے اور اس میں 162 چشموں سے پانی آتا ہے۔ فوٹو عرب نیوز

الاحساء  کے علاقے میں کھجور کی آبپاشی کے لیے 1970 میں شاہ فیصل نے جھیل میں بہنے والے چشموں کا پانی جمع کرنے کے لیے ایک پروجیکٹ کے قیام کا حکم دیا۔
الاحساء گورنریٹ میں اس زمانے میں قائم کھجور کے باغات میں 11 ملین  کے قریب درخت تھے۔
آبپاشی اور نکاسی آپ کا منصوبہ الاحساء میں چشموں سے کھجور کے درختوں اور کسانوں تک پانی فراہم کرتا ہے جب کہ زائد پانی زرعی آبی راستوں سے الاسفر جھیل میں گرتا ہے۔

سیاح الاسفر جھیل کے قریب قدرتی مناظر دیکھ کر لطف اندوز ہوتے ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام

الاسفر میں مچھلیوں کی کثیر تعداد موجود ہے جس کے باعث ہجرت کرنے والے پرندے جھیل کے آس پاس بسیرا کرتے ہیں۔
الاسفر جھیل دنیا بھر سے آنے والے فلیمنگو کے مسکن کے طور پر مشہور ہے، جو یہاں کے ماحول کو خوبصورت اور دلکش بناتی ہے۔
جھیل کے ارد گرد موجود زرد ریت کے  بے شمار ٹیلے غروب آفتاب کے وقت سیاحوں کو شاندار اور لطف اندوز قدرتی مناظر دیکھنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
 

شیئر: