Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے کرنسی نوٹ آرٹ مقابلے کے فاتح ڈیزائنوں سے مختلف؟

سٹیٹ بینک نے 5 ستمبر کو نئے کرنسی نوٹ مقابلے کے فاتح ڈیزائنز کا اعلان کیا تھا (فوٹو: سٹیٹ بینک)
سٹیٹ بینک آف پاکستان نے حال ہی میں نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن مقابلے کے نتائج کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے۔ 
جمعرات کو سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ سٹیٹ بینک نے رواں سال جنوری میں نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے موضوعاتی ڈیزائن اور آئیڈیاز کے لیے آرٹ کے مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا تھا۔ 
سٹیٹ بینک نے وضاحت کی ہے کہ آرٹ مقابلے کا مقصد مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین ضابطہ عمل کے مطابق ڈیزائن کی تیاری کے عمل میں عوام کو شامل کرنا تھا۔ 
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آرٹ کے مقابلے کے ان نتائج کے اعلان کو ذرائع ابلاغ اور بعض عوامی حلقوں کی جانب سے نئے بینک نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ کے طور پر تعبیر کیا گیا۔ تاہم آرٹ مقابلے کے نتائج کا اعلان کرنے کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ 
سٹیٹ بینک کے مطابق فاتح قرار پانے والے ڈیزائنوں میں سے ایک نوٹ میں مذہبی تنوع کی عکاسی کرتے ہوئے اور ملک میں موجود مختلف مذاہب کو اجاگر کیا گیا، عوام کے کچھ حلقوں نے اسے غلط طور ایک خاص مذہب کو نمایاں کرنے کی کوشش کے طور پر بیان کیا۔ آرٹ کمیٹی نے فاتح ڈیزائن کا انتخاب محض اس کے فنی معیار اور مذہبی تنوع کے موضوع کی بنیاد پر کیا ہے اور اس کا کوئی خاص مقصد نہیں۔
ایک اور وضاحت میں سٹیٹ بینک نے کہا کہ جن بینک نوٹ ڈیزائنوں کو آرٹ مقابلے میں فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں ہیں۔
مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے منتخب کردہ معروف بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے ڈیزائن کیے جا رہے ہیں۔ 
یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں گی اور سٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری 2025 تک حتمی منظوری کے لیے وفاقی حکومت کو پیش کیے جائیں گے۔ سٹیٹ بینک وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی سیریز کی چھپائی کا عمل شروع کرے گا۔
واضح رہے سٹیٹ بینک نے 5 ستمبر کو سٹیٹ بینک نے نئے کرنسی نوٹ مقابلے جیتنے والے مقامی آرٹسٹس کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز جاری کیے تھے۔ 
سٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنوں کی نوعیت محض علامتی ہے اور ان کو بین الاقوامی ڈیزائنروں کو بھجوایا جا رہا ہے جو سٹیٹ بینک کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کو تخلیق کریں گے۔ 
یاد رہے کہ 21 اگست کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک نے کہا تھا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کرلیں گے، اس کے بعد باقاعدہ منظوری سے یہ نوٹ جاری کیے جائیں گے۔

شیئر: