Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسمی بخار سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگائیں، وزارت صحت

صحتی ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کی سہولت موجود ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
موسمی تبدیلی کے ساتھ ہی وزارت صحت کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز میں انفلوائنزا ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ غیرملکیوں کے لیے بھی ویکسین کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ویکسین لگانے کےلیے صحتی ایپ کے ذریعے پیشگی وقت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ وزارت کی جانب سے تمام صحت مراکز کو ہدایت کردی ہے کہ موسمی بخار سے محفوظ رہنے کےلیے احتیاطی اقدام کے تحت ویکسین لگائی جائے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا ہے کہ موسمی انفلوائنزا سے محفوظ رہنے کےلیے وزارت کی جانب سے ویکسین کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ وہ افراد جو کسی بھی قسم کے متعدی امراض کا شکار ہیں انہیں چاہئے کہ وہ موسمی بخار سے محفوظ رہنے کے لیے لازمی طورپر ویکسین لگوائیں۔
وزارت کا مزید کہنا تھا کہ 50 برس سے زائد عمر کے افراد کے علاوہ 6 ماہ سے 5 برس تک کے بچوں کو بھی موسمی ویکسین لگانا مفید ہوتا ہے۔
وزارت صحت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ موسمی بخار سے بچنے کے لیے لگائی جانے والی ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہے ۔ ویکسین لگانے سے جسمانی قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے اور موسمی بخار کے حملے سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔
موسمی بخار سے محفوظ رہنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ باہر سے آنے کے فوری بعد ہاتھوں کو اچھی طرح دھوئیں ۔ براہ راست آنکھ اور منہ کو نہ چھوئیں ، کھانسی یا چھینک آنے کے صورت میں ٹشو پیپر کا استعمال کریں ۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ صحتی ایپ کے ذریعے اپنے شہر میں موجود سینٹرز سے اپائنٹمنٹ حاصل کی جائے بعدازاں وقت مقررہ سے تھوڑی دیر قبل سینٹر پہنچ جائیں ۔

شیئر: