Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’چوری چکاری‘ کے خلاف کانفرنس کے دوران برطانوی خاتون وزیر کا پرس چوری  

حالیہ برسوں میں برطانیہ میں چوری اور شاپ لفٹنگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
برطانیہ کی پولیس اور کرائم کی وزیر ڈیانا جانسن کا بیگ سینیئر پولیس افسران کی کانفرنس کے دوران چرایا گیا جہاں انہوں نے برطانیہ میں بڑھتے چوری اور شاپ لفٹنگ (دوکان میں جا کر چوری کرنا)  کے واقعات پر گفتگو کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے حکومتی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ بیگ چوری کا واقعہ اس وقت ہوا جب ڈیانا جانس نے منگل کو وسطی لندن میں پولیس سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کے کانفرس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران ایک پولیس آفیسر نے اپنے خطاب میں وزیر کو بتایا کہ ملک کا کریمنل جسٹس سسٹم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔
حکومتی اہلکار کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے دوران ڈیانا جانسن کا بیگ چرایا گیا۔ تاہم چوری کے اس واقعے میں  کسی سکیورٹی رسک کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔
اپنے خطاب میں ڈیانا جانس نے ملک میں سماج مخالف سرگرمیوں، چوریوں اور ’شاپ لفٹنگ‘ پر گفتگو کی۔
برطانیہ کے ہوم آفس نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کیا ہے۔
واروکشائیر پولیس کا کہنا ہے اس واقعے کے سلسلے میں ایک 56 سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا تھا جسے بعد میں ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔
حالیہ برسوں میں برطانیہ میں چوری اور شاپ لفٹنگ کی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
آفس آف نیشنل سٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں احتتام پذیر ہونے والے سال کے دوران مجموعی جرائم کی شرح میں کمی دیکھی گئی لیکن افراد سے بیگ اور موبائل فونز کی چوری کی وارداتوں میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کی وجہ سے پولیس کے لیے عوامی حمایت  نچلی ترین سطح پر آئی ہے۔ یوگوو کی جانب سے رواں سال کے شروع میں کیے گئے سروے کے مطابق آدھے سے زیادہ افراد جرائم کی وارداتوں کو حل کرنے کے لیے پولیس پر اعتماد نہیں کرتے جبکہ ایک تہائی افراد کو اعتماد نہیں کہ پولیس امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھ سکتی ہے۔
اپنے خطاب میں ڈیانا جانس نے مزید پولیس افسران کو سماج مخالف رویوں سے نمٹنے کے لیے تربیت کے پروگراموں کا اعلان کیا۔
 

شیئر: